ضمنی انتخابات: پنجاب پولیس نے بڑا قدم اٹھالیا

Jul 16, 2022 | 10:39:AM

(24 نیوز) پنجاب پولیس نے ضمنی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل کرتے ہوئے کنٹرول روم قائم کرلیا، جس میں دو اے آئی جی اور دیگر افسران 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔

 آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ 14 اضلاع کے 20 حلقوں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں گے، ضمنی انتخابات کے 3 ہزار 100 سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر 52 ہزار سے اہلکار و افسران تعینات کیے گئے ہیں، خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر لیڈی پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گی۔

 یہ بھی پڑھیں:حکومت نے عوام کو بڑی خوشخبری سنا دی

انہوں نے کہا کہ لاہور کے 4 حلقوں میں 9 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے، سیف سٹی کیمرے مانیٹرنگ میں مدد دینگے، ضمنی انتخابات کی سکیورٹی پر تعینات افسران و اہلکار ایس او پیز کے مطابق آج سے ہی فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں گے۔

 آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ اسلحے کی نمائش، پرائیویٹ مسلح افراد، بینر اور مخالفین کے کیمپس اکھاڑنے اور لڑائی جھگڑے کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارؤائی ہوگی، انتخابی سامان اور بیلٹ پیپرز کی بحفاظت ترسیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نقص امن کا باعث بننے والے عناصر قانون کی گرفت میں ہونگے، الیکشن کمیشن کو پوری معاونت فراہم کی جائے گی، ہر انتخابی حلقے میں اینٹی رائٹس فورس اور ایلیٹ فورس کے جوان الرٹ رہیں گے، تمام جماعتوں کے امیدواروں سے بلاامتیاز شورٹی بانڈز لے لیے گئے ہیں، نتائج کے اعلان کے بعد لڑائی جھگڑے، ہوائی فائرنگ نہیں کرنے دی جائے گی۔

 آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کو مکمل دیانتداری اور غیر جانبداری سے قومی ذمہ داری ادا کرنے کے واضح احکامات دیئے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران اپنے ذاتی کنڈکٹ کے خود ذمہ دار ہونگے، کسی قسم کی کوتاہی اور اختیارات سے تجاوز برداشت نہیں کیا جائے گا، اسپیشل برانچ اور حساس ادارے ڈیوٹی پر مامور اہلکار و افسران کی کارکردگی کی خفیہ نگرانی کریں گے۔

مزیدخبریں