(کفایت علی شاہ)پاکستان تحریک انصاف نے مزید 6 ممبرز کی بنیادی رکنیت معطل کردی۔
پی ٹی آئی نے حاجی شوکت علی، مجاہد میتلہ سمیت نادیہ عزیز کی بنیادی رکنیت معطل کردی۔ پاکستان تحریک انصاف نے سلیم بریار، سید ذوالفقار علی شاہ اور عثمان تراکائی کی بھی پارٹی سے بنیادی رکنیت معطل کردی۔سیکریٹری جنرل عمر ایوب کے دستخط سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔پارٹی پالیسی سے انحراف پر ایم ایل اے گلگت بلتستان فتح اللہ خان اور حشمت اللہ خان کوبھی شوکاز نوٹس جاری کردئیے گئے۔
نوٹس کے مطابق میڈیا کے مختلف فورمز پر آپ کی پریس کانفرنس کی گردش اور بڑے پیمانے پر نشریات دیکھی گئی کہ آپ نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑ دی ہے،آپ نے جان بوجھ کر پارٹی دفاتراور پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا،لہذا آپ کو پاکستان تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹس دیا جاتا ہے، پاکستان تحریک انصاف سے آپ کی رکنیت فوری طور پر ختم کر دی گئی ہے۔
ضرور پڑھیں:پانی کے بہاؤ میں اضافہ،دریائے ستلج میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا
نوٹس کے متن کے مطابق آپ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ پارٹی کا نام، عہدہ اور/یا رکنیت کا کسی بھی طریقے سے استعمال کرنے سے گریز کریں،خلاف ورزی کی صورت میں پارٹی آپ کے خلاف قانونی کارروائی کریگی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے گلگت بلتستان الیکشن میں پارٹی پالیسی سے انحراف پر پی ٹی آئی نمائندوں کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا، شوکاز نوٹس ایم ایل اے گلگت بلتستان فتح اللہ خان اور حشمت اللہ خان کے نام جاری کیا گیا۔
نوٹس کے متن کے مطابق کہا گیا ہے کہ پارٹی قیادت کے علم میں آیا ہے کہ آپ نے پارٹی کے فیصلے کے خلاف ووٹ دیا ہے، آپ کے حوالے سے گلگت بلتستان میں الیکشن کے دوران پارٹی کے خلاف سازش میں ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں، آپ کو تین روز کے اندر تحریری طور پر وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے، جواب نہ ملنے یا غیر تسلی بخش ہونے کی صورت میں پارٹی پالیسی اور قواعد کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔