9 محرم الحرام کے جلوس رواں دواں،سیکیورٹی ہائی الرٹ،عزاداروں کیلئے سبیلوں ، لنگر حسینی کا اہتمام

مختلف شہروں میں جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل ہے

Jul 16, 2024 | 09:35:AM
 9 محرم الحرام کے جلوس رواں دواں،سیکیورٹی ہائی الرٹ،عزاداروں کیلئے سبیلوں ، لنگر حسینی کا اہتمام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں 9 ویں محرم الحرام کے جلوس مقررہ راستوں پر رواں دواں ہیں۔راستوں میں عزاداروں کیلئے سبیلوں،لنگر کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ تمام شہروں میں سیکیورٹی سخت کی گئی ہے،جہاں جہاں سے جلوس گزریں گے وہاں موبائل فون سروس بند رہے گی ۔

لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں جلوسوں، مجالس اور عزاداری کا سلسلہ جاری ہے، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، مختلف شہروں میں جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل ہے,جلوس کے راستوں پر عزاداروں کے لئے سبیلوں اور لنگر حسینی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

لاہور میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو کر روایتی راستوں اسلام پورہ بازار، سیکرٹریٹ اور پرانی انارکلی سے ہوتا ہوا خیمہ سادات پر اختتام پذیر ہوگا۔جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، علاقے میں واک تھرو گیٹس لگا دیئے گئے جبکہ خار دار تاریں، کنٹینر اور بیریئر لگا کر جلوس کی آمد گاہ اور راستے کو سیل کر دیا گیا۔

اسلام آباد میں 9 ویں محرم کا جلوس امام بارگاہ جی سکس سے برآمد ہوگا، جلوس مقررہ راستوں سے گزر کر امام بارگاہ پہنچ کر ہی ختم ہو گا,جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس میں شامل ہونے کیلئے واک تھرو گیٹس لگائے گئے ہیں، مختلف مقامات پر جلوس کی گزرگاہ کے اطراف کے راستوں کو سیل کردیا گیا ہے۔

ضرورپڑھیں:افغان گروپ کا بنوں چھاؤنی پر حملہ، 8 فوجی جوان شہید، 10 دہشت گرد جہنم واصل

کراچی میں نومحرم الحرام کا جلوس لیاقت آباد مارٹن کوارٹر سے برآمد ہوگیا، جلوس دن 12 بجے تک نشتر پارک پہنچے گا,شہر قائد میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا جو کہ مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کھادر حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

ٹریفک پولیس کراچی کے مطابق ایم اے جناح روڈ کو دن میں ٹریفک کیلئے بند کر دیا جائے گا، شہری کوریڈور تھری، سولجر بازار، کشمیر روڈ، پیپلز چورنگی اور شارع قائدین کے متبادل راستے استعمال کر سکیں گے، جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کے راستوں میں موبائل فونز سگنل بھی بند رکھے جائیں گے، جلوس کی سکیورٹی پر 7 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔

پشاور میں آج مجموعی طور پر 18 ماتمی جلوس برآمد ہونگے،  شبیہ ذوالجناح کے 2 مرکزی جلوس نکالے جائیں گے,پشاور میں  پہلا جلوس صدر امام بارگاہ حسینیہ ہال سے صبح 10 بجے جبکہ دوسرا جلوس امام بارگاہ قمربنی ہاشم علی کالونی سٹی سے 3 بجے برآمد ہوگا، عزادار زنجیر زنی اور سینہ کوبی کریں گے، امام بارہ حسینیہ ہال کے عزادارنماز ظہر فوارہ چوک میں ادا کرینگے، جلوس مقررہ راستوں سے ہو کر اپنی امام بارگاہوں پراختتام پذیرہوں گے۔

جلوس کیلئے شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، مجموعی طور پر 14 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں، صدر اور اندرون شہر مکمل طور پر سیل رہے گا جبکہ موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روزکراچی میں 8 محرم کا مرکزی جلوس اپنی منزل حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، جلوس کے راستوں پر سخت سکیورٹی انتظامات، گلیاں اور راستے سیل کئے گئے، ایم اے جناح روڈ، کوریڈور تھری اور صدر کے مختلف مقامات پر کنٹینرز رکھ کر راستے بند رکھے گئے، شہر میں آج اور کل بھی گرین لائن اور اورنج لائن بس سروس معطل رہے گی۔

لاہور میں بھی 8 ویں محرم کا جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بلاک سیداں میں اختتام پذیر ہوا، جلوس کی گزر گاہوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی، 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات تھے۔