(عثمان خان)سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق احکامات پر غور و خوض کیلئے الیکشن کمیشن نے جمعرات کو اجلاس طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اور لیگل ونگز کے حکام بریفنگ دیں گے،اس کے علاوہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے آرڈر کی روشنی میں اُس پر عملدرآمد کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 12 جولائی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس میں پشاور ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دے دیا تھا،چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 13 رکنی فل بینچ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جمال خان مندوخیل کے اختلافی نوٹ کے مطابق جن امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لینے والے دن تک کوئی اور ڈیکلیریشن جمع نہیں کرایا کہ وہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا حصہ ہیں، لہٰذا الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کو دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ شامل کر کے مخصوص نشستوں کی تقسیم کرے، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس فیصلے کی غلط تشریح کی۔