ہنگامہ آرائی میں ملوث 7 ارکان کے اسمبلی حدود میں داخلے پر پابندی

Jun 16, 2021 | 15:45:PM

(24 نیوز)سپیکر قومی اسمبلی کی صدارت میں  ہونے والے اجلاس میں گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہوئی ہنگامہ آرائی کا معاملہ زیر غور آیا، اجلاس میں ہنگامہ آرائی کی ویڈیوز بھی دیکھی گئیں۔سپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اس طرح کے رویے کو برداشت نہیں کر سکتے، ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان میں ہنگامہ آرائی اور نازیبا الفاظ استعمال کرنے والے 7 اسمبلی ارکان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے اسمبلی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔یہ پابندی اگلے احکامات آنے تک جاری رہے گی۔جن ارکان پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں علی نواز اعوان، عبدالمجید خان ، فہیم خان، شیخ روحیل اصغر، علی گوہر خان، چوہدری حامد حمید اور آغا رفیع اللّہ شامل ہیں۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب اس سلسلے میں متعلقہ ارکان اور اسمبلی سیکیورٹی کو احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔اسپیکر اسمبلی نے اس سے متعلق سوشل میڈیا پر بھی بیان دیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ قائدحزب اختلاف کی تقریر کے دوران خلل پیدا کرنے والے ارکان کا رویہ غیر پارلیمانی تھا۔
 سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ان ارکان کا رویہ نامناسب تھا، ان کے ایوان میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔اس سے قبل ایوان میں گزشتہ روز ہوئی ہنگامہ آرائی کی تحقیقات کے لئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آج ایوان میں نصب کیمروں کی فوٹیجز دیکھی تھیں۔ ہنگامہ آرائی کرنے والے ارکان قومی اسمبلی پر ایوان میں پابندی کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔
 یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج اسمبلی اجلاس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات بھی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ن لیگ سے اختلافات ۔۔ ناراض لیگی ایم پی اے نے بڑا مطالبہ کردیا

مزیدخبریں