(24 نیوز ) جامعہ پنجاب نے پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے بلال اصغر وڑائچ کی گریجوایشن کی ڈگری جعلی قراردے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عدالتی حکم پر جامعہ پنجاب کی جانب سے 5 صفحات پر مشتمل رپورٹ جمع کروا دی گئی جس کے مطابق جامعہ پنجاب کی ڈسپلنری اور ڈگری کمیٹی نے تمام پہلووں کا جائزہ لیا، جس میں ایم پی اے بلال اصغر وڑائچ قصور وار قرار پائے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایم پی اے بلال اصغر وڑائچ نے جامعہ پنجاب کو جھوٹی معلومات فراہم کرکے دھوکہ دیا، فیصل آباد انٹرمیڈیٹ بورڈ کی رپورٹ کی مطابق ان کی انٹرمیڈیٹ کی سند جعلی ہے، بلال اصغر کو انٹرمیڈیٹ کا رزلٹ کارڈ ہی جاری نہیں کیا گیا۔
انہوں نے انٹرمیڈیٹ 1995 میں پاس ہونے کا رزلٹ کارڈ جمع کروایا، تحقیقات سے معلوم ہواکہ جمع کروایا گیا رزلٹ 1995 کا نہیں بلکہ 1996 کے سپلیمنٹری امتحانات کا ہے۔
جامعہ پنجاب نے کہا کہ 1996 میں انٹرمیڈیٹ پاس کرنے والا 1997 میں گریجویشن کے امتحان کا اہل نہیں، جعلی ڈگری کی بناپر گریجوایشن کے امتحان دینا خلاف ضابطہ ہے، ڈسپلنری کمیٹی نے تحقیقات میں موقف سننے کیلئے 8 مرتبہ بلال اصغر وڑائچ کو طلبی کا نوٹس کیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:ہنگامہ آرائی میں ملوث 7 ارکان کے اسمبلی حدود میں داخلے پر پابندی
پی ٹی آئی رہنما کی ڈگر ی جعلی قرار
Jun 16, 2021 | 16:05:PM