(24 نیوز) عدالت نے محکمہ اوقات کو حکم دیا ہے کہ مزارات پر آنے والے زائرین سے جوتیوں، پارکنگ اور بیت الخلاکے استعمال پر کوئی پیسہ وصول نہ کیا جائے اور عوام کو تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے مزارات پر جوتیوں کی حفاظت اور بیت الخلا کے استعمال پر پیسے وصول کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے ریمارکس میں کہا کہ محکمہ اوقاف درباروں پر اپنی سروسز دینے کو لیز کرتا ہے، ایسا کرنے کے لئے قانون کے مطابق اخبارات میں اشتہار دیا جانا ضروری ہے۔
چیف جسٹس لاہور نے کہا کہ اوقاف والے غیر قانونی طور پر بیت الخلا اور دیگر جگہوں پر اپنے بندے بٹھا دیتے ہیں، نمازیوں سے بھی پاپوش رکھنے کے عوض پیسے لیتے ہیں۔ اگر اوقاف عوام کو اپنی سروسز نہیں دے سکتا تو اس محکمہ کو ختم کردیں، آپ جوتوں سے لے کر موبائل رکھنے پر بھی چارجز لیتے ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے درباروں پر جوتیوں، پارکنگ اور واش روم کے استعمال پر پیسے وصول کرنے کے عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ محکمہ اوقاف والے اپنے ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائیں اور عوام سے کوئی پیسہ وصول نہ کیا جائے۔
عدالت نے زائرین کو تمام سہولیات مفت فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ 15 روز کے بعد عدالتی فیصلہ پر عملدرآمد رپورٹ لے کر پیش ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:میٹرک اور انٹر طلبہ کیلئے اچھی خبر ۔۔اختیاری مضامین میں فیل ہونے پر پاسنگ مارکس دینے کا فیصلہ
لاہور ہائیکورٹ کا مزارات کے حوالے سے بڑا فیصلہ
Jun 16, 2021 | 18:10:PM