آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں: وزیراعظم

Jun 16, 2022 | 10:18:AM
وزیراعظم شہباز شریف،آئی ایم ایف ،پیٹرولیم مصنوعات،عمران خان
کیپشن: گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے 3 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا/ فائل فوٹو، گوگل سورس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے بخوبی آگاہ ہیں، آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے قیمتیں بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف اور پی ٹی آئی حکومت کی ڈیل کی تفصیلات سے جلد قوم کو آگاہ کریں گے، ہم معاشی مشکلات سے نکلیں گے، آئی ایم ایف معاہدے پر پی ٹی آئی حکومت نے دستخط کیے تھے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے آئی ایم ایف کیساتھ بدترین معاہدہ کیا ان کا ضمیر ہے یا نہیں، جن لوگوں نے برے معاشی فیصلے کیے، ان میں سچ کا سامنا کرنے کا حوصلہ ہے یا نہیں، وہ لوگ کیسے بے گناہ ہونے کا بہانہ کر سکتے ہیں جن کی وجہ سے قوم کرب سے گزر رہی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:حکومت نے عوام پر پھر پٹرول بم گرادیا

خیال رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا اعلان کیا۔ وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ انٹرنیشنل قیمت پٹرول کی قیمتیں 120 ڈالر فی بیرل ہیں، ہم ابھی بھی پٹرول کی قیمت میں24 روپے فی لٹر کا نقصان کر رہے ہیں، پٹرول کی مد میں ماہانہ 120 ارب روپے سبسڈی دے رہے تھے۔

 وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ ملک میں پہلی اور 15 تاریخ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اعلان کیا جاتا ہے، فروری میں عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قدم اٹھایا،عمران خان نے جان بوجھ کر پٹرول قیمتیں کم کی تھیں، عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے ملک کے حالات میں کبھی اتنا بگاڑ نہیں دیکھا، عمران خان نے جو معاہدے کئے ان کی وجہ سے ہمارے ہاتھ جکڑے ہوئے ہیں، اللہ تعالیٰ سے امید ہے ہم جلد ان برے حالات پر قابو پالیں گے۔

 مفتاح اسماعیل نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں تیل گندم اور خوردنی آئل کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ پٹرول کی قیمت میں 24 روپے 3 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا جارہا ہے جس سے پٹرول کی نئی قیمت 233 روپے 89 پیسے فی لٹر ہو گئی،مفتاح اسماعیل نے کہناتھا کہ ڈیزل کی قیمت میں 59 روپے 16 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے جس سے ڈیزل کی نئی قیمت 263 روپے 31 پیسے ہو گئی،مٹی کا تیل 29 روپے 49پیسے مہنگاہو گیا جس سے نئی قیمت 211 روپے 43 پیسے ہو گئی،نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔