کراچی ضمنی الیکشن، ایم کیو ایم نے میدان مار لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)کراچی کے حلقہ این اے 240 کے ضمنی الیکشن میں ایم کیو ایم پاکستان نے میدان مار لیا۔ایم کیو ایم کے محمد ابوبکر نے ٹی ایل پی کے شہزادہ شہباز کو صرف65 ووٹ سے شکست دی۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے 309 پولنگ سٹیشنز کا غیرحتمی غیر سرکاری نتائج آ گیا،غیرسرکاری نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے محمد ابوبکر 10 ہزار683 ووٹ لے کر جیت گئے ،ٹی ایل پی کے شہزادہ شہباز10 ہزار618 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔
مہاجر قومی موومنٹ کے رفیع الدین نے8383 ،پیپلزپارٹی کے ناصر رحیم نے5248 جبکہ پی ایس پی کے شبیر احمدنے 4797 ووٹ حاصل کئے، ضمنی الیکشن میں ٹرن آﺅٹ8.38 فیصد رہا۔
یاد رہے کہ این اے 240 کے حلقے میں لانڈھی اور کورنگی عبداللہ شاہ نورانی ٹاؤن، لانڈھی بابر مارکیٹ، شاہ خالد کالونی، زمان آباد، کرسچن کالونی، جام نگر، خضر آباد، خرم آباد، پیر بخاری کالونی شامل ہیں۔حلقے کی آبادی 8 لاکھ 54 ہزار سے زائد ہے، حلقے میں ووٹروں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 29 ہزار 855 ہے، جن میں مرد ووٹرز 2 لاکھ 94 ہزار 385، اور خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 35 ہزار 470 ہے۔
خیال رہے کہ 2018 کے الیکشن میں ایم کیو ایم کے اقبال محمد علی 61 ہزار 165 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، ان کے 19 اپریل کو انتقال کے باعث سے یہ نشست خالی ہو گئی تھی۔
حلقے میں پولنگ سٹیشنز 309 ہیں، حساس پولنگ سٹیشن 106 جبکہ انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کی تعداد 203 ہے ، حلقے میں 21 امیدوار میدان میں ہیں، آزاد امیدوار 15 جبکہ سیاسی جماعتوں کے 6 امیدوار انتخاب لڑ رہے ہیں۔آزاد امیدوار عمیر علی انجم ایم کیو ایم امیدوار کے حق میں دست بردار ہوگئے ہیں، آزاد امیدوار نعیم حشمت نے بھی دست برداری کا اعلان کر دیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) میﺅ برادری اور قریشی برادری نے اس حلقے سے ایم کیو ایم کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے، آزاد امیدوار شاہین خان نے مہاجر قومی موومنٹ کے امیدوار کے حق میں دست برداری کا اعلان کیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا، تحریک انصاف نے بائیکاٹ کیا ہے جبکہ جماعت اسلامی نے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا۔
یہ بھی پڑھیں: پیاس سے نڈھال کبوتر نے ڈولفن سے مدد مانگ لی،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل