صدر عارف علوی کا بڑا ایکشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)صدر عارف علوی نے ایف بی آر کی سرزنش کردی ۔
تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی نے ٹیکس محتسب کو شکایت درج کرانے پرخاتون ٹیکس گزارکو ہراساں کرنے پر ایف بی آر کی سرزنش کی، ٹیکس گزار نے ٹیکس ریفنڈ نہ ملنے پر ایف بی آر کے خلاف وفاقی ٹیکس محتسب میں شکایت درج کرائی تھی۔ صدر مملکت نے کہا ہے کہ کیس کو بار بار غلط طریقے سے نمٹایا گیا ، ایف بی آر کے افسران کا رویہ شکایت کنندہ کو ہراساں کرنے کے مترادف ہے،افسوس کہ 2015 میں دائر کی گئی درخواست، جسے قانوناً 60 میں نمٹانا تھا، تقریباً 5 سال تک زیر التوارہی ،وفاقی محتسب کے پاس شکایت درج ہونے کے بعد درخواست پر انتقامی انداز میں کارروائی کی گئی۔
صدرمملکت نے کہا کہ ایف بی آر نے دو مرتبہ شکایت کنندہ سے انکم ٹیکس آرڈیننس کی مختلف شقوں کے تحت ٹیکس چارج کیا، ان کا کہناتھا کہ فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی، عدم توجہی، نااہلی ، من مانی اور انتظامی زیادتیاں بھی بدانتظامی کے زمرے میں آتی ہیں ،ایف بی آر معاملے کو قانون کے مطابق نمٹائے ، تعصب اور ذاتی رنجش کے بغیر قانونی نقطہ نظر اپنائے۔
محترمہ رخسانہ کنول (شکایت کنندہ) نے ٹیکس ریفنڈ جاری نہ کرنے پر ٹیکس محتسب کے پاس شکایات درج کرائی تھیں،محتسب نے اپنے حکم کے ذریعے شکایت کنندہ کو سماعت کا موقع فراہم کرنے کے بعد قانون کے مطابق رقم کی واپسی کی درخواستوں کو نمٹانے کی سفارش کی تھی،ٹیکس افسران نے ٹیکس ریفنڈ جاری کرنے کے بجائے، سماعت کا موقع فراہم کیے بغیر ٹیکس چارج کیا،کمشنر ان لینڈ ریونیو (اپیل) نے ٹیکس منسوخی کا حکم جاری کیا، جسے افسر نے نظر انداز کر دیا۔مجاز افسر نے بغیر بینکنگ چینل کے ذریعے تحفہ موصول ہونے کا الزام لگا کر خاتون پر دوبارہ ٹیکس چارج کیا۔
صدر مملکت نے حکم دیا کہ ایف بی آر انصاف کے متلاشی افراد کے لیے مسائل پیدا کرنے پر متعلقہ افسران کی بدانتظامی کے خلاف انکوائری کرے ،ایف بی آر معاملے پر تعاون یقینی بنائے ، افسران کی جانب سے ایسے انتقامی ردعمل کی حوصلہ شکنی کرے۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ