(اویس کیانی) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں، معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران میاں شہباز شریف نے ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں، منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ترقیاتی منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔
یہ بھی پڑھیے: وائس چانسلر کیلئے ڈکیت کا لفظ استعمال کرنے پر خواجہ آصف کی معافی
وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی تعمیراتی کام کی خود نگرانی کر کے معیار کو یقینی بنائیں، ترقیاتی منصوبوں کی لینڈ اسکیپنگ پر خصوصی توجہ دی جائے اور بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھا جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناءاللہ، مشیر وزیراعظم احد خان چیمہ، سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی، ڈی جی ایف ڈبلیو او، ڈی جی این ایل سی، چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔