چینی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح،پاک چین دوستی میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا: وزیر داخلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی چینی سفارت خانے پہنچے جہاں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔
محسن نقوی نے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ چین کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور پاک چین تعلقات کے فروغ اور چینی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے کئے گئے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور سی پیک سمیت دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی انجینئرز اور عملے کے سکیورٹی پلان پر بھی بریف کیا، چینی سفیر نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاک چین دوستی میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا، چینی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین سے دوستی کا رشتہ مضبوط ہوا ہے، چین کے صدر، وزیراعظم اور اعلیٰ قیادت نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے جامع اور موثر ایس او پیز بنائے ہیں، اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کے لئے الگ فورس ایس پی یو بنائی جا رہی ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنے والے چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مسافروں سے بھری بس الٹ گئی، خاتون سمیت 15 سے زائد افراد زخمی
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کسی چینی شہری پر ذرہ برابر آنچ بھی نہ آئے، پاکستان اور چین کی لازوال دوستی میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا، ایسی کسی سازش کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے دوست ہیں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔
ملاقات کے دوران وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور چینی سفارت خانے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔