(24 نیوز)گلوکار و اداکار علی ظفر نے سنڈے کو فن ڈے منانے کے لیے مداحوں سے باتیں کرنے کا سلسلہ شروع کیا جس میں نیدر لینڈ کی ایک خاتون نے انہیںشادی کی پیشکش کردی۔
تفصیلات کے مطابق گلوکار و اداکار علی ظفر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ آج ایک اچھا دن ہے، چلیں سوال و جواب شروع کرتے ہیں لوگ مجھ سے کچھ بھی پوچھ سکتے ہیں۔علی ظفر کا ٹویٹ کرنا تھا کہ مداحوں نے سوالات کے انبار لگا دیئے۔
کسی نے کامیابی کا راز پوچھا تو کسی مداح نے آنے والے البم سے متعلق سوال کیا لیکن ایک مداح ایسی تھیں جنہوں نے علی ظفر سے ایک مشکل سوال کردیا۔نیدر لینڈ سے تعلق رکھنے والی سنتھیا ستارہ نامی صارف نے علی ظفر سے سوال کیا ہے کہ کیا میں کچھ بھی پوچھ لوں؟ تو پھر یہ بتائیں کیا آپ مجھ سے شادی کریں گے؟
سنتھیا کی جانب سے کی جانے والی شادی کی پیشکش پر علی ظفر نے جواب دیا کہ یہ تھوڑا مشکل ہو جائے گا، امید ہے آپ میری مجبوری کو سمجھیں گی۔