کے۔ الیکٹرک سپلائی کارپوریشن خریدنے والا سعودی گروپ دوبارہ منظر عام پر 

Mar 16, 2021 | 09:54:AM

(24نیوز)اس سعودی گروپ نے سال 2005 میں کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن خریدی تھی۔ ابراج کیپٹل گروپ کے سربراہ عارف نقوی کے زوال کے بعد حکومت کے ساتھ کے الیکٹرک کے کاروباری تعلقات کے مستقبل پر تعطل کے دوران سال 2005 میں کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن خریدنے والا سعودی گروپ دوبارہ منظر عام پر آگیا۔

میڈیارپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی شرکۃ الجمیح القابضہ نامی کمپنی کے مالک شیخ عبدالعزیز حماد الجمیح نے صبح سویرے پاکستان پہنچنے کے بعد خاصہ مصروف دن گزارا۔انہوں نے صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وزیر خزانہ، وزیر توانائی اور وزیر نجکاری کے علاوہ کچھ اہم اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں میں تمام اہم متعلقہ وزارتوں کے سینیئر عہدیداران بھی موجود تھے۔وہ کراچی میں بھی آج ایک مصروف دن گزاریں گے اور شام میں اپنے ملک واپس جانے سے قبل اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ سلسلہ وار ملاقاتیں کریں گے۔انہوں نے یہ دورہ کے-الیکٹرک انتظامیہ، اس کے کچھ غیر ملکی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے حکومت کے ساتھ ماضی کی بھاری بھرکم قابل ادا اور قابل وصول رقوم کے تصفیے اورکمپنی کی شنگھائی الیکٹرک کو فروخت سمیت مختلف معاملات پر ہونے والے رابطوں کے سلسلے کے بعد کیا۔

رپورٹس کے مطابق سعودی کاروباری شخصیت نے حکام کو الجمیح گروپ کی سرمایہ کاری حکمت عملی سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان میں ابتدائی سرمایہ کاری دونوں ممالک کے عوام کے مابین مضبوط بھائی چارے کے باعث ہوئی اور وہ اب بھی کے-الیکٹرک کو درپیش مشکلات دور کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے حکام کو بتایا کہ گروپ کے پاس سرمایہ کاری کے بڑے فنڈز ہیں جو خسارے میں چلنے والے اداروں کو حاصل کرنے کے بعد ان کی تشکیل نو کر کے انہیں منافع بخش اداروں میں تبدیل کرتے ہیں۔

مزیدخبریں