ڈسکہ ا نتخاب تو ضرور ہوگا۔الیکشن کمیشن کا حکم معطل نہیں کرینگے۔  سپریم کورٹ

Mar 16, 2021 | 13:17:PM

(24نیوز)  سپریم کورٹ نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-75 ضمنی انتخاب سے متعلق الیکشن کمیشن کافیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا پر کہا ہے کہ کمیشن کا حکم معطل نہیں کریں گے دوبارہ ضمنی انتخاب تو ہر صورت ہوگا تاہم چند پولنگ اسٹیشنز پر یا پورے حلقے میں دوبارہ ہوگا اس سے متعلق فیصلہ ابھی کرنا ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے این اے 75 ڈسکہ میں الیکشن کمیشن کے حکم پر دوبارہ انتخاب سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ن لیگ کے وکیل سلمان اکرم راجہ کورونا کا شکار ہوگئے۔ جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ کو سنے بغیر فیصلہ نہیں کریں گے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ آئینی اداروں کا احترام کرتے ہیں، الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول آگے کر دیا، شاید انہوں نے اسی کیس کی وجہ سے پولنگ کی تاریخ میں توسیع کی۔ اس پر وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ پولنگ کی تاریخ پنجاب حکومت کی درخواست پر آگے بڑھائی گئی، الیکشن کمیشن کی ہدایت پر حلقے میں کچھ تبادلے اور تقرریاں ہونی ہیں۔

مزیدخبریں