مریم نواز کے بیانات پر نیب بول پڑا۔۔ وضاحت جاری

Mar 16, 2021 | 14:43:PM

(24نیوز)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے بیانات پر قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے  اپنی وضاحت جاری کردی۔

 مریم نواز کے بیانات پر نیب لاہور نے  اپنی وضاحت  میں کہا ہے کہ مریم نواز کی سیاسی مصروفیات کے باعث انہیں کچھ وقت کے لئے طلب نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا لیکن اس کا ناجائز فائدہ اٹھایا گیا اور مستقل طور پر احتساب کے عمل کو چیلنج کیا جاتا رہا۔نیب لاہور کے مطابق مریم نواز نے اس دوران معزز عدالتوں اور ان کے صادر فیصلوں کا مذاق اڑانے کی کوشش کی۔مریم نواز کے خلاف چودھری شوگرملز اور منی لانڈرنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے مقدمات زیرِ تحقیقات ہیں۔ نیب کے مطابق ملکی فضا کو اشتعال انگیزی کی طرف راغب کرنے کی کوشش کی گئی اور نیب، عدلیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف بغاوت سے لبریز بیان بازی کی جاتی رہی۔

نیب کا مزید کہنا ہے کہ بیان بازی کامقصد شریف خاندان کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تحقیقات میں رخنہ ڈالنا اور نقصِ امن کی صورتحال کو تقویت دینا بھی رہا۔نیب لاہور کا کہنا ہے کہ مریم نواز مبینہ طور پر اپنے خلاف جاری تحقیقات سے باقاعدہ روگردانی کرنے کی کوشش کرتی رہیں اور یہ کہ انہوں نے مبینہ طور پر عوام میں اشتعال انگیز بیانات دیتے ہوئے لا اینڈ آرڈر کو چیلنج کیا۔
 یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ نیب حکم کا غلام اور ایک انتقام کا ادارہ ہے اور یہ کہ اسے مخالفین کو پکڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔
 

مزیدخبریں