پی ڈی ایم اجلاس,3بڑوں کا ٹیلی فونک رابطہ

Mar 16, 2021 | 15:21:PM

(24نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے تین بڑے نوازشریف،مولانا فضل الرحمان اورآصف زرداری پی ڈی ایم کو فعال رکھنے پرمتحرک  ہوگئے۔

 ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے اجلاس سے قبل پی ڈی ایم کے تین بڑوں مولانا فضل الرحمان، نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ آصف زرداری نے پی ڈی ایم اجلاس کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے فریقین کو لچک دکھانے پر زور دیا۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اختلافی امور کو حل کرنے کا بہترین فورم پی ڈی ایم ہے  اور ہم پر بھاری ذمہ داری ہے ، ہمیں عوام کو مایوس نہیں کرنا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ  نوازشریف نے پی ڈی ایم کو کامیاب بنانے کے لئے اتفاق رائے سے فیصلے کرنے کی رائے دی جبکہ آصف زرداری نے استعفوں سمیت تمام امور پر ایک دوسرے کا مؤقف کھلے دل سے سننے پر زور دیا اور پی ڈی ایم کوعوام کے مسائل کے حوالے سے نجات دہندہ قراردیا۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ حکمرانوں کی ناعاقبت اندیشی ملکی سیاست کو ناقابل تلافی نقصان پہنچارہی ہے،  پی ڈی ایم کا اتحاد حکمرانوں کے اوچھے ہتھکنڈوں کا مل کر مقابلہ کرے گا۔سابق صدر نے مختلف نظریات کے باوجود پی ڈی ایم اتحاد کو ناگزیر قرار دیا۔
 

مزیدخبریں