استعفے دینا اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کو مضبوط کرنے جیساہے : آصف زرداری

Mar 16, 2021 | 17:13:PM
استعفے دینا اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کو مضبوط کرنے جیساہے : آصف زرداری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اگر لڑنا ہے تو ہم سب کو جیل جانا پڑے گا،میاں صاحب پلیز پاکستان تشریف لائیں۔ نواز شریف اگر جنگ کے لئے تیار ہیں تو لانگ مارچ ہو یا عدم اعتماد کا معاملہ، انہیں وطن واپس آنا ہوگا۔
 ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونیوالے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ میں جنگ کے لئے تیار ہوں مگر شاید میرا ڈومیسائل مختلف ہے، میاں صاحب آپ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہیں،آپ کی موجودگی ضروری ہے،ایسے فیصلے نہ کئے جائیں کہ جس سے ہماری راہیں جدا ہوجائیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ جمہوری قوتوں نے دھاندلی کا سامنا کیا ہے۔میں نے اپنی زندگی کے 14 برس جیل میں گزارے ، ہمیں لانگ مارچ کی ایسی منصوبہ بندی کرنا ہوگی کہ جیسے 1986 اور 2007 میں شہید بی بی کی آمد پر کی تھی، جب شہید بی بی وطن آئیں تو ہم نے پورے ملک کو موبلائز کیا تھا۔
انہوں نے کہا استعفے دے کراسمبلیوں کو چھوڑنا اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے،ہم اپنی آخری سانس تک جدوجہد کے لئے تیار ہیں۔ ہمارے انتشار کا فائدہ جمہوریت کے دشمنوں کو فائدہ دے گا، پیپلزپارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے، ہم پہاڑوں پر سے نہیں بلکہ پارلیمان میں رہ کر لڑتے ہیں،نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے زرداری نے کہا کہ ہم نے سینٹ الیکشن لڑا مگر سینیٹر اسحاق ڈار ووٹ ڈالنے نہیں آئے،میاں صاحب، آپ کیسے عوامی مسائل حل کریں گے؟ آپ نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا، میں نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ کیا۔
 ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا مجھے اسٹیبلشمنٹ کا کوئی ڈر نہیں تاہم اسٹیبلشمنٹ کے خلاف جدوجہد ذاتی عناد کے بجائے جمہوری اداروں کے استحکام کی جدوجہد کیلئے ہونا چاہئے میں نے پارلیمان کو اختیارات دیئے ، میں نے 18ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی منظور کیا جس کی مجھے اور میری پارٹی کو سزا دی گئی۔