(24 نیوز) واپڈا کے افسروں و ملازمین کیلئے خوشخبری، وفاقی حکومت کے فیصلے کی روشنی میں واپڈا کے افسران و ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق واپڈا کے افسروں و ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے فیصلے کی وجہ سے خزانے پر سالانہ ایک ارب بائیس کروڑ کا اضافی بوجھ پڑے گا، وفاقی حکومت کے منظور شدہ الائونس کے تحت اضافہ کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت کے فیصلے پر پچیس فیصد الائونس سولہ ہزار ایک سو پنتالیس افسران و ملازمین کو دیا جائے گا، جس میں واٹر ونگ کے پانچ ہزار ایک سو چھیاسٹھ، پاور ونگ کے سات ہزار چار سو ستائیس جبکہ کامن سروسز کے تین ہزار پانچ سو باون افسران و ملازمین الائونس لے سکیں گے۔
واپڈا کے چیئرمین نے وفاقی حکومت کے فیصلے کی روشنی میں منظوری دی ہے تاہم کیس کو آئندہ بجٹ میں رکھنے کیلئے وفاق کو مراسلہ بھجوا دیا گیا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے اپنے سرکاری ملازمین کو وفاق کی طرز پر تنخواہوں میں اضافہ دینے کی بجائے ملازمین کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، محکمہ خزانہ پنجاب کے باوثوق ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے گریڈ ایک سے انیس کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ نئے بجٹ تک موخر کردیا۔