رواں ہفتے تاریخ کا گرم ترین دن۔محکمہ موسمیات نے الرٹ کر دیا

Mar 16, 2022 | 13:10:PM

(ویب ڈیسک)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی میں اضافے کی وجہ ہوا کا دباؤ بڑھ جانا ہے، اس دباؤ کی بدولت اگلے چند روز تک موسم گرم اور خشک رہے گا ۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے پاکستان میں ریکارڈ گرمی پڑنے کا امکان ہے  ہیٹ ویو کی وجہ سےملک کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت کم از کم 8 سے 9 درجے سنٹی گریڈ بڑھ جائے گا، رواں ہفتے درجہ حرارت 41 ڈگری تک  پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ  پروانشل ڈزاسٹر مینجمنٹ نے شہریوں  سے احتیاط برتنے کی اپیل کردی۔ انتظامیہ کو بھی احتیاطی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری۔

 ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی میں اضافے کی وجہ ہوا کا دباؤ بڑھ جانا ہے۔ اس دباؤ کی بدولت اگلے چند روز تک موسم گرم اور خشک رہے گا اور درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق جمعہ تک موسم ایسا ہی رہنے کا امکان ہے جبکہ شام کے وقت تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس سے موسم میں بہتری آئے گی۔محکمہ موسمیات کی جانب سے  جاری کردہ  پیشگوئی کے مطابق  ملک کے زیادہ تر علاقوں میں ہفتہ بھر درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان ، بالائی سندھ، جنوبی پنجاب، کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں دن کا درجہ حرارت 09 سے10 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، بالائی اوروسطی پنجاب، خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان، زیریں سندھ اور جنوبی بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 07 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ کراچی کا  درجہ حرارت 9 تا 10 ملتان کادرجہ حرات 7 تا 8 لاہور کا درجہ حرارت 5 تا7 پشاور کا درجہ حرارت 5تا7 اسلام آباد کا درجہ حرارت5تا7 اور فیصل آباد کا درجہ حرارت 5تا 4 سنٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہے گا۔  شمالی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں بعد دوپہر تیزگرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی توقع  ہے۔  

 محکمہ موسمیات  کے مطابق   ہیٹ ویو انسانوں، جانوروں اور فصلوں پر اثرانداز ہو سکتی ہے  جبکہ  فصلوں کو پانی کی شدید کمی کا خدشہ ہو سکتا ہے۔ کسان موسمی حالات کے پیش نظر فصلوں کے لیے پانی کا انتظام کر لیں۔ مختلف پھلوں اور اناج کی فصلیں قبل از وقت پک سکتی ہیں۔ جس کے باعث سندھ اور جنوبی پنجاب میں گندم کی قبل از وقت کٹائی کا آغاز بھی ہو سکتا ہے۔

غیر معمولی درجہ حرارت کے باعث اسلام آباد اور لاہور میں پولن کی مقدار میں اضافہ متوقع ہے۔ شہریوں کو الرجی اور ری ایکشن کی شکایت ہوسکتی ہے ، لوگ سورج کی روشنی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اور ماسک استعمال کریں۔

 یہ بھی پڑھیں:    انتخابات میں شکست ۔نوجوت سنگھ سدھو عہدے سےمستعفی

مزیدخبریں