(24 نیوز)حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی نے خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔
بلوچستان عوام پارٹی کے صوبائی رکن اسمبلی بلاول آفریدی نے ویڈیو بیان میں خبیرپختونخوا کی صوبائی حکومت سے علیحدگی کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہم سے کیا ہوا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ہم سے مشاورت نہیں کی جاتی، فنڈز کی تقسیم کے بارے میں بھی ہمیں اعتماد میں نہیں لیا جاتا۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کے 110 ارب روپے میں سے ہمیں کچھ نہیں دیا گیا، کے پی حکومت نے ہمیں کبھی مشاورتی عمل میں شامل نہیں کیا، قبائلی اضلاع سے منتخب ارکان کو بھی فیصلوں میں اعتماد میں نہیں لیا جاتا جو بڑی زیادتی ہے۔
بلاول آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے لوگوں کو 25 ہزار نوکریاں دینے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا جس کے بعد ہم نے صوبائی حکومت سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے، فنڈز پی ٹی آئی ارکان کو دیئے جا رہے ہیں اور ہم بی اے پی کی سینئر لیڈرشپ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔بلاول آفریدی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے فنڈز سمیت ہمارے کسی مطالبے کو سنجیدگی سے نہیں سنا۔<
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین کی تعداد 4 ہے اور بلاول آفریدی اپنی جماعت کے پارلیمانی لیڈر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ نا انصافی کی جا رہی ہے، فنڈز پی ٹی آئی ارکان کو دیے جا رہے ہیں، فنڈز کی تقسیم اور ان کا استعمال صرف دو تین لوگوں کے کہنے کے مطابق کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جاپان میں 7اعشاریہ 3 شدت کا زلزلہ، ویڈیو دیکھ کر آپ کانپ اٹھیں گے