(مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ نے 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف جدوجہد کے دن کے طور پر تسلیم کر لیا ہے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کےمطابق 15 مارچ منگل کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی جس کے تحت اس دن کو ”اسلاموفوبیا کی روک تھام کا بین الاقوامی دن“ قرار دے دیا گیا ہے۔یہ قرارداد اسلامی ملکوں کی طرف سے پیش ہوئی اور اس پاکستان اور ایران سمیت 5 ممالک اسے منظور کرانے میں پیش پیش رہے۔ایران، پاکستان، ترکی، سعودی عرب، اردن اور انڈونیشیا نے اس قرارداد سے مربوط مذاکرات کی ذمہ داری سنبھالی اور اسلاموفوبیا سے مقابلے پر زور دیا۔اس قرارداد میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات اور تشدد کی مذمت کی گئی اور رواداری، تحمل وار صلح کے لئے بین الاقوامی سطح پر جد و جہد بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اس قرارداد میں اقوام متحدہ سمیت دوسری بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسلاموفوبیا سے نمٹنے میں مؤثر طریقے سے آگاہی پیدا کریں اور اس دن کا باقاعدگی سے پاس و لحاظ رکھیں۔
واضح رہے کہ اس حوالے سے پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے آج سوات میں جلسہ عام میں خطاب کرتےہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد منظور ہونے پر صبح میں نے اٹھ کر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا میں اور میری ٹیم، پاکستان کا دفتر خارجہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اقوام متحدہ میں ہمارا سفیر منیراکرم تین سال سے کوشش کر رہے تھے کہ اسلاموفوبیا کے خلاف اقوام متحدہ میں قرارداد منظور ہو۔عمران خان نے کہا کہ قادیانیوں کو غیرمسلم قرار دینے کے بعد سب سے بڑا کام اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد کی منظوری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جاپان میں 7اعشاریہ 3 شدت کا زلزلہ، ویڈیو دیکھ کر آپ کانپ اٹھیں گے