"فرشی شلوارکس کس کے لیے موزوں ہے؟"ماریہ بی اورایچ ایس وائے آمنے سامنے

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک) فرشی شلوار ٹرینڈ کے معاملے پرمعروف فیشن ڈیزائنرز ماریہ بی اور ایچ ایس وائے آمنے سامنے آگئے،دونوں کے بیانات نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
پاکستانی فیشن انڈسٹری میں حالیہ دنوں میں فرشی شلوار کا ٹرینڈ سوشل میڈیا پر چھایا ہوا ہے اورمختلف فیشن برینڈز کی نئی عید کولیکشنز میں یہ ٹرینڈشامل ہے۔
ڈیزائنرماریہ بی نے فرشی شلوارکے حوالے سے اپنی رائے کااظہارکیاتھاکہ یہ کس جسامت کے لیے موزوں ہے؟ماریہ بی نے ایک تفصیلی ویڈیو میں وضاحت کی تھی کہ فرشی شلوار ہر کسی کے لیے مناسب نہیں، بلکہ یہ مخصوص باڈی ٹائپ پر زیادہ خوبصورت لگتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرشی شلوار ہر کسی پر جچتی نہیں ہے، یہ فیشن لمبی اور دبلی لڑکیوں پر زیادہ اچھا لگتا ہے، جبکہ چھوٹے قد یا بھری ہوئی جسامت والی خواتین کے لیے زیادہ موزوں نہیں ہے۔
اب نامور فیشن ڈیزائنرایچ ایس وائے(حسن شہریاریاسین)نےماریہ بی سے اختلاف کرتے ہوئے فرشی شلوار کو ہر خاتون کے لیے بہترین قرار دیا ہے۔
ایچ ایس وائے نے کہاہے کہ یہ فیشن ہر خاتون کے لیے موزوں ہے اور پاکستانی ثقافت کے عین مطابق ہے، مجھے لگتا ہے کہ ہر خاتون کو فرشی شلوار ضرور سلوانی چاہیے، کیونکہ یہ ایک خوبصورت اور روایتی انداز کی ہے، پاکستان میں خواتین مختلف پس منظر سے آتی ہیں، کچھ جدید اور کچھ روایتی لباس پسند کرتی ہیں، لیکن ایک چیز سب میں مشترکہ ہے کہ وہ سب باوقارانداز میں خوب صورت لگنا چاہتی ہیں،فرشی شلوار ان کے لیے ایک مناسب اور اسٹائلش آپشن ہے۔
ایچ ایس وائے نے مزید وضاحت کی کہ فرشی شلوار کو صرف چھوٹے کرتے کے ساتھ پہننے کی شرط نہیں ہے بلکہ یہ لمبے کرتوں کے ساتھ بھی بہترین لگتی ہے، بھاری جسامت والی خواتین بھی اسے لمبے کٹس والے کرتے کے ساتھ پہن سکتی ہیں اور خوبصورت لگ سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:جنت مرزا کی فلم ناکام کیوں ہوئی؟سیدنورنے بڑی وجہ بتادی
ایچ ایس وائے اورماریہ بی کے متضاد بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین بھی اپنی اپنی رائے کااظہارکررہے ہیں،کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ماریہ بی کی بات درست ہے کیونکہ فرشی شلوار کا فیشن عملی نہیں اور یہ چند مہینے بعد ختم ہو جائے گا، جبکہ کچھ لوگوں نے ایچ ایس وائے سے اتفاق کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ پاکستانی خواتین کے لیے ایک باوقار اور خوبصورت لباس ہے جو ہر کسی کو پہننا چاہیے۔