یوکرینی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رشوت لینے کے الزام میں گرفتار

May 16, 2023 | 18:13:PM

(ویب ڈیسک)یوکرینی  سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو رشوت لینےکے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق یوکرینی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس پر 27 لاکھ ڈالر رشوت لینےکا الزام ہے۔ اینٹی کرپشن پراسیکیوٹر آفس کی جانب سے چیف جسٹس کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی ہے اور بتایا گیا ہےکہ سپریم کورٹ کے سربراہ کو  حراست میں لینے سے قبل نوٹس نہیں دیا گیا تھا۔

خبر ایجنسی کے مطابق یوکرینی سپریم کورٹ کے سربراہ چیف جسٹس ویسوولود نیازیف ہیں جن سے اس خبر کے حوالے سے کوشش کے باوجود رابطہ نہیں ہوسکا۔

یوکرینی سپریم کورٹ کی پریس سروس نے سوشل میڈیا پر جاری اعلامیے میں کہا ہےکہ اس حوالے سے ایک غیر معمولی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

یوکرینی اینٹی کرپشن بیورو نے گزشتہ روز ایک بیان میں بتایا تھا کہ انہوں نے عدلیہ میں ایک بڑے پیمانے کی کرپشن کا پتہ لگایا ہے، ادارے کی جانب سے ڈالرز کی گڈیوں پر مشتمل تصویر بھی جاری کی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ویسوولود نیازیف کو اکتوبر 2021 میں سپریم کورٹ کا سربراہ منتخب کیا گیا تھا، اس سے قبل وہ عدلیہ میں جج اور سیکرٹری کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیتے رہے ہیں۔

مزیدخبریں