محمود الرشید بازیابی کیس: لاہور ہائیکورٹ نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی

May 16, 2023 | 19:17:PM

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید کی بازیابی کے کیس میں ایس ایس پی، سی آئی اے کیپٹن ریٹائرڈ ملک لیاقت کو کل طلب کرلیا۔ عدالت نے سی سی پی او لاہور سے کل رپورٹ مانگ لی۔

 جسٹس علی ضیاء باجوہ نے میاں محمود الرشید  کی بیٹی کلٹوم اکرم کی درخواست پر سماعت کی۔ میاں محمود الرشید کی بیٹی اہنے وکیل کے ہمراہ جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل شاہد نواب چیمہ پیش ہوئے۔

 درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ 12 مئی کو ایس پی سی آئی اے نے ڈیرہ گجراں سے گرفتار کیا۔ جس پر جسٹس علی باجوہ نے استفسار کیا کہ یہ میاں محمود الرشید کون ہیں ؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ یہ تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے ہیں۔

جسٹس علی ضیاء باجوہ نے سوال کیا کہ کس نے اور کب گرفتار کیا۔ جس پر درخواستگزار کے وکیل نے کہا کہ ہولیس والے تھے، نام کا نہیں پتہ ، میاں محمود الرشید کو آج تک کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ جس پر عدالت نے کہا کہ ان کی درخواست کے مطابق میاں محمود الرشید کو ڈیرہ گجراں سے ایس پی، سی آئی اے نے گرفتار کیا، اس پر سی سی پی او سے رہورٹ منگوالیتے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کے لاء افسر کو ہدایت کی کہ ایس ایس پی، سی آئی اے کو بھی بلوا لیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 17 مئی تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں