ماہا علی کاظمی نے علی نور کو جوابی قانونی نوٹس بھیج دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پاکستانی گلوکارہ ماہا علی کاظمی نے گلوکار و موسیقار علی نور کے قانونی نوٹس پر جوابی نوٹس بھیجوا دیا ۔
تفصیلات کے مطابق گلوکارہ ماہا علی کاظمی کی جانب سے علی نور کو بھجوائے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ علی نور اپنا قانونی نوٹس واپس لے کر گلوکارہ سے معافی مانگیں، ورنہ علی نور پر ہتک عزت کے دعوے سمیت فوجداری مقدمہ بھی دائر کیا جا سکتا ہے۔
ماہا علی کاظمی کی جانب سے بھجوائے گئے جوابی نوٹس میں علی نور کو بتایا گیا ہے کہ ان کے قانونی نوٹس پر وکیل کے دستخط نہیں تھے، اس لیے وہ نوٹس قانونی حیثیت نہیں رکھتا جبکہ نوٹس کو ماہا علی کاظمی کے گھر پر بھجوانے کے بجائے صرف سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا گیا۔
ماہا علی کے قانونی نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ "علی نور ماہا علی کاظمی کا نوٹس ملنے کے تین دن کے اندر اندر تحریری طور پر معافی مانگیں ورنہ دوسری صورت میں وہ 10 کروڑ روپے کے ہتک عزت کے دعوے کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔"
ماہا علی کاظمی کے نوٹس میں علی نور کے نوٹس کو غیر اہم اور نامکمل قرار دیتے ہوئے علی نور سے جلد معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گلوکار و موسیقار علی نور نے 20 اپریل کو ماہا علی کاظمی کو سنگین الزامات لگانے پر قانونی نوٹس بھجواتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ کیا تھا، معافی نہ مانگنے کی صورت میں اِنہیں ہتک عزت کے دعوے کا سامنا کرنے کی بھی دھمکی دی گئی تھی۔
یاد رہے کہ علی نور کی جانب سے قانونی نوٹس بھجوانے سے قبل 18 اپریل کو ماہا علی کاظمی نے گلوکار پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے۔