یہ دو ہفتوں کی بات ہے معاملات ٹھیک ہو جائیں گے:عمران خان کا دعویٰ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) عمران خان نے پارٹی رہنماوں اور ٹکٹ ہولڈر کو پرامید رہنے کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ یہ دو ہفتوں کی بات ہے معاملات ٹھیک ہو جائیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے زیر صدارت اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے عوامی پاور شو کرنے کا فیصلہ کیا جس کے مطابق 18 مئی بروز جمعرات کو مریدکے میں جلسہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق جلسے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان خطاب کرینگے۔ عمران خان نے گوجرانولہ مریدکے کے ٹکٹ ہولڈر کو ٹاسک سونپ دیئے۔ سابق وزیراعظم نے ٹکٹ ہولڈر کو گرفتاریوں سے بچنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ مرید کے میں ہمارا جلسہ ہر صورت ہوگا۔
قبل ازیں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے زیر صدارت پنجاب کے ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس ہوا، جس میں رفاقت گیلانی، محسن لغاری سمیت دیگر ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔ زیادہ تر ٹکٹ ہولڈرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ تحریک انصاف کے رہنماء ولید اقبال اور نور الحق قادری بھی موجود تھے۔
عمران خان نے ٹکٹ ہولڈرز کو پولیس کے ہاتھوں گرفتاری سے محفوظ رہنے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ اپنے آپ کو محفوظ مقام پر رکھیں اور پولیس کے ہاتھوں گرفتاری سے بچا جائے، آپ لوگ محفوظ رہیں گے تو لوگوں تک تحریک انصاف کا پیغام پہنچا سکیں گے۔