سی ٹی ڈی کی کارروائی، کلر سیداں روڈ سے دہشتگرد گرفتار

Nov 16, 2022 | 11:16:AM

(24 نیوز) گزشتہ روز سی ٹی ڈی پنجاب کی کلر سیداں روڈ پر کاروائی کرکے ایک دہشتگرد کو گرفتار کرلیا جس نے تفتیش کی دوران چونکا دینے والے انکشافات کیے۔

تفصیلات کے مطابق ملزم کا نام عبداللہ خان ڈھڈیال ضلع میر پور آزاد کشمیر کا رہائشی ہے جو مدرسہ ابراہیمیہ سیاکھ کا مہتمم ہے۔ عبداللہ خان سابق وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید پر خودکش حملے میں سہولت کار تھا۔ ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا جسے راولپنڈی اور اسلام آباد تخریب کاری کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی اور تحریک طالبان پاکستان سے ہے اور ملزم نے افغانستان مرکز سے تربیت حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیے: لکی مروت، پولیس موبائل پر دہشتگردوں کا حملہ، 6 اہلکار شہید

ملزم عبداللہ خان کے سسر مسعودالحق سیاکھوی اور بردار نسبتی ابراہیم سیاکھوی ریڈ بک کے اشتہاری ہیں اور برطانیہ میں مقیم ہیں۔ 

ملزم نے اپنے سسر کی ہدایت پر کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید پر خودکش حملہ آور حمزہ شبیر عرف حافظ اور ساتھی قاری سہیل کو پناہ دی۔ ملزم نے خودکش حملے کے ماسٹر مائنڈ قیصر مصطفیٰ عرف کیپٹن نعمان کو بھی اپنے پاس پناہ دی۔ اس کے علاوہ ملزم کا گھر اور مدرسہ دہشت گردوں کی سہولت کاری، خودکش جیکٹ بنانے اور دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ 

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ملزم عبداللہ خان سے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش بھی جاری ہے۔

مزیدخبریں