(24 نیوز) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے پیچھے غیر ملکی فنڈنگ ہے ۔ لانگ مارچ کے پیچھے چھپی سازش سے پردہ چاک کرنا ملکی مفاد کا تقاضا ہے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے طور پر انویسٹیگیٹ کیا ہے کہ لانگ مارچ کو ایک ملک فنڈنگ کر رہا ہے۔سعودی فرمان روا شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کو سبوتاژ کرنے کے لئے لانگ مارچ کا ڈرامہ رچایا گیا ہے۔جب تک شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تاریخ نہیں طے ہوئی تھی تب تک عمران لانگ مارچ کی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کر رہے تھے۔عمران خان کو جیسے ہی پتہ چلا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ نومبر میں ہوگا تو اس نے نومبر میں مارچ شروع کیا۔
جب شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان 21 نومبر کو طے ہوا تو عمران نے 21 نومبر کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کردیا۔شہزادہ محمد بن سلمان نے دھرنے کے اعلان کے بعد دورہ پاکستان ملتوی کیا،ایک ملک نہیں چاہتا تھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کا دورہ کریں۔ اس لئے لانگ مارچ کو فنڈنگ کر رہا ہے۔شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے دو تین ممالک کے لئے بڑی سرمایہ کاری لیکر آرہے تھے۔
ضرور پڑھیں : شہزاد اکبر نے رابطہ کیا، فرح گوگی کو رقم کیش میں ادا کی،توشہ خانہ تحائف خریدنے والےعمر فاروق کا تہلکہ خیز بیان
مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران نے 2014 میں بھی چینی صدر کے دورہ کو سبوتاژ کرنے کے لئے دھرنا دیا تھا۔عمران خان نے ہر وہ قدم اٹھایا ہے جو ریاست پاکستان کے مفادات کے خلاف ہے۔عمران خان کا لانگ مارچ اب فرلانگ مارچ بن چکا ہے،عمران خان نے آرمی چیف کی تقرری کو بھی متنازعہ بنایا۔جیسے امریکا کا مستقبل نہیں رہا ایسے ہی اب عمران خان کا بھی کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے۔مصلحت کی خاطر عمران خان کے خلاف فی الحال کارروائی کی ضرورت نہیں ہے۔امریکی سازشی بیانیے اور سائفر سے پیچھے ہٹنا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔