اسرائیلی فوج کا مسجد پر حملہ، 50 نمازی شہید، متعدد زخمی،بڑا جھوٹ پکڑا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)اسرائیل کے جنگی جنون میں اضافہ،نہتے مسلمانوں پر بمباری جاری ، غزہ میں مسجد پر حملہ کر کے 50 نمازیوں کو شہید کر دیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ کے علاقے سبرا میں مسجد پر اس پر بمباری کی جب مسجد میں نماز جاری تھی اور مسجد نمازیوں سے بھری ہوئی تھی۔
صیہونی فورسز کی جانب سے اردنی فیلڈ اسپتال پر فضائی حملہ کیا گیا جس میں 7 ارکان زخمی ہو گئے جبکہ اسرائیلی فوج ایک بار پھر غزہ کے الشفا اسپتال میں داخل ہو گئی،اسپتال کے جنوبی داخلی راستے کے کچھ حصوں کو تباہ کر دیا، بیسمنٹ سمیت مختلف حصوں میں تلاشی کے دوران نہ یرغمالی ملے، نہ کسی سرنگ کا نشان ہاتھ لگا۔
ضرورپڑھیں:غزہ پر اسرائیلی بمباری،امریکا کی چوری پکڑی گئی
اسرائیلی فوج کی جانب سے الشفا اسپتال سے حماس کا اسلحہ اور وردیاں ملنے کا دعویٰ کیا گیا تاہم اسرائیلی دعویٰ ڈاکٹروں اور حماس نے جھوٹا قرار دے دیا۔اسرائیلی فوج کے اکاؤنٹ سے بطور ناقابل تردید شواہد پوسٹ کی جانے والی الشفا اسپتال کی وڈیو ڈیلیٹ کر دی گئی، ایڈیٹنگ اور کچھ چیزیں چھپانے کے بعد دوبارہ نشر کرنے سے اسرائیلی دعوؤں پر شہبات بڑھ گئے۔
الجریزہ کے مطابق الشفا اسپتال سے رپورٹنگ کرنے والے امریکی ٹی وی کے رپورٹر اور اسرائیلی دعوؤں میں بھی تضاد سامنے آگیا جبکہ قطر نے غزہ میں اسپتالوں پر حملوں کی عالمی تحقیقات پر زور دیتے ہوئے الشفا اسپتال کے اندر اسرائیل کی تازہ کارروائی کو "جنگی جرم" قرار دے دیا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی غزہ میں بمباری کو 40 روز ہو چکے ہیں اور اب تک ساڑھے 11 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔اسرائیلی فوج نے اسکولوں، اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں پر بھی بمباری کر کے فلسطینیوں کو شہید کیا جبکہ مغربی کنارے اور خان یونس کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی اسرائیل کی چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔