(مائدہ وحید، یاسر عرفات) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرداورمطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
شہر لاہور سموگ کے باعث دھندلا گیا۔ آلودگی کی مجموعی شرح 343 تک جا پہنچی ہے جبکہ لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔لاہور امریکن سکول میں آلودگی کی شرح 446 ریکارڈ، سی ای آر پی آفس 438، پولو گراؤنڈ میں شرح 433ریکارڈ، شاہراہ قائداعظم 422، فدا حسین روڈ پر آلودگی کی شرح332ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سردی کا احساس بھی بڑھنے لگا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، ماہرین کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
دوسری جانب نارووال ضلعی انتظامیہ سموگ ایمرجنسی کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی، کسانوں نے سموگ پر لگائی گئی دفعہ 144 دھوے کے ساتھ ہوا میں اڑا دی۔ کسانوں کی 40 سے 50 ایکٹر اراضی کی باقیات کو آگ لگا دینے سے فصلوں کی باقیات آسمان پر دھوئیں کے بادل میں منڈلانے لگی۔
دھوئیں سے درجنوں دیہاتوں کے افراد گلے سانس اور پھیپھڑوں کی امراض میں مبتلا ہوگئے۔ شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔