کپتانی سے ہٹانے پر بابر اعظم کی پرفارمنس پر فرق پڑے گا؟ سلیم ملک نے بہترین مشورہ دے دیا 

Nov 16, 2023 | 14:09:PM

(24 نیوز)  ایشیا کپ اور ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص پرفارمنس پر کپتان بابر اعظم  نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے تمام فارمیٹس  کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا، جس کے بعد بازگشت سنائی دے رہی ہے کہ بابر اعظم سے زبردستی استعفیٰ لیا گیا اسی بات پر  24 نیوز کے پروگرام ’’ورلڈ کپ ہنگامہ ‘‘ میں ایک کالر نے  تشویش کا اظہار کیا اور پوچھا کہ کیا  زبردستی کپتانی واپس  لیئے جانے پر بابر اعظم کی پرفارمنس پر فرق پڑے گا؟

سابق  سینئر کھلاڑی سلیم ملک نے جواب دیا کہ مجھے لگتا ہے کہ بابر اعظم کی پرفارمنس میں تو بہتری آ سکتی ہے لیکن ٹیم پرفارمنس مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے ، سلیم ملک نے دونوں چیزوں کی مثالیں بھی دیں اور کہا کہ ماضی میں بہت سے بہترین بلے بازوں نے جب کپتانی چھوڑی تو ان کی اپنی پرفارمنس بہترین ہو گئی اس لیے کہ  کپتانی کی وجہ سے آپ پر پریشر ہوتا ہے کس کھلاڑی کو کہاں کھلانا ہے ، کونسے بولر کو کس جگہ پر استعمال کرنا ہے فیلڈنگ  دیکھنی ہے ہر کھلاڑی کی پرفارمنس پر بھی توجہ دینی ہوتی ہے ، تو جب وہ ان تمام چیزوں سے آزاد ہو جاتا ہے تو اس کی پرفارمنس میں  مزید نکھار آ جاتا ہے ، ٹنڈولکر اور ویرات کوہلی کی مثال آپ کے سامنے ہے ۔

سلیم ملک نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ  جب آپ کسی کو زبردستی کپتانی سے ہٹاتے ہو اور دوسرے کے سر تاج سجاتے ہو تو پھر ٹیم میں گروپ بندی بندتی ہے کپتانی سے ہٹانے کیلئے اور میرے دور میں ایسی بہت سے چیزیں ہوئیں اور میں اکثر ان باتوں کی نشاندہی بھی کر چکا ہوں اس لیے مجھے لگتا ہے کہ بابر آپ کے پاس بہت سولڈ پلیئر ہے اس نے ملک کیلئے بہت لمبا کھیلنا ہے ، اگر آپ نے اسے کپتانی سے ہٹانا ہی ہے تو بہتر ہے اس کے ساتھ مشورہ کریں اور اسی سے پوچھیں کہ یہ ذمہ داری کس کو سونپی جائے اس سے ٹیم میں گروپ بندی نہیں بنے گی ۔ 

مزیدخبریں