واٹس ایپ چیٹ لیک، بابراعظم کا قانونی چارہ جوئی پر غور

Nov 16, 2023 | 15:44:PM

(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اپنے واٹس ایپ میسجز لیک ہونے کے معاملے پر قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

بابراعظم گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف سے ملاقات کے لیے پی سی بی ہیڈ کوارٹر پہنچے، یہاں آنے سے قبل بابر نے واٹس ایپ میسجز لیک کے معاملے پر قانونی مشاورت کی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بابراعظم واٹس ایپ میسجز لیک ہونے پر قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نجی ٹی وی چینل پر بابر اعظم کی واٹس ایپ چیٹ لائیو دکھادی گئی تھی۔ پاکستان کے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف کی جانب سے پی سی بی کے بڑوں کے بابر اعظم کے میسجز کا جواب نہ دینے کے دعوے کے بعد چیئرمین پی سی بی نے ایک نجی ٹی وی کے شو میں بابر اعظم کی سی ای او پی سی بی سلمان نصیر کے ساتھ پرسنل چیٹ دکھائی جسے لائیو شو کے دوران ٹی وی پر نشر بھی کیا گیا۔

مزید پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم : نئے مینجر کی تقرری پر غور جاری 

اس معاملے پر پروگرام کے میزبان نے سوشل میڈیا پر ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ہم یہ چیٹ نہیں دکھانا چاہتے تھے لیکن جب ذکا اشرف نے لائیو شو کے دوران کہا کہ آپ دکھائیں تو اس وقت ہم نے اسے دکھانے کا فیصلہ کیا جو کہ ہمیں نہیں کرنا چاہیے تھا، اگر ہمارے اس اقدام سے کسی کی بھی دل آزاری ہوئی ہے تو ہم اس پر معذرت خواہ ہیں۔

مزیدخبریں