وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کا افتتاح کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(دُرِ نایاب) صوبائی دارالحکومت لاہور کا ایک اور میگا پراجیکٹ شاہدرہ فلائی اوور مکمل ہونے کے بعد آج ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا جس کا افتتاح نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے کردیا۔
خیال رہے کہ شاہدرہ چوک فلائی اوور منصوبے کا 10 ماہ کا کام ریکارڈ 6 ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل کیا گیا ہے جہاں جی ٹی روڈ اور این فائیو سے منسلک تین، تین لینز پر مشتمل 850 میٹر طویل دو رویہ فلائی اوورز تعمیر کیے گئے ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی مانیٹرنگ کی بدولت شاہدرہ چوک فلائی اوور 6 ماہ سے بھی کم مدت میں ٹریفک کیلئے کھولا جا رہا ہے جس کی بدولت شہر کے اہم داخلی و خارجی راستے پر ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا۔
اس حوالے سے نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شاہدرہ فلائی اوورز سے یومیہ تین لاکھ سے زائد گاڑیاں مستعفید ہوں گی اور شہریوں کے قیمتی وقت اور ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے: شاہدرہ فلائی اوور کا کام 6 ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل
ان کا مزید کہنا تھا کہ منصوبے سے لاہور شہر، شاہدرہ، پرانا راوی، کوٹ عبدالمالک، کالا شاہ کاکو، لاہور رنگ روڈ اور ملحقہ علاقے مستفید ہوں گے جبکہ شجرکاری اور لینڈ سیکپنگ کے ذریعے شاہدرہ فلائی اوورز کو خوبصورت بنایا جائے گا۔
اس موقع پر کمشنر لاہور ڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے فلائی اوورز کی تعمیر و تکمیل کے بارے میں بریفنگ دی۔
صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، ابراہیم حسن مراد، ڈاکٹر جمال ناصر، بلال افضل، سیکرٹری ہاوسنگ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سی سی پی او، کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔