اجوکادوستی انٹرنیشنل تھیٹرفیسٹیول:کھیل"بلھا"پیش کیاگیا

"آؤ رقص کریں"میں شیما کر مانی کی پر فارمنس کوسراہاگیا،پینل ڈسکشن بھی پیش کی گئی

Nov 16, 2024 | 10:37:AM

(ویب ڈیسک)اجوکا "دوستی انٹرنیشنل تھیٹر فیسٹیول" کے ساتویں روز پاکستان اور بھارت کے فنکاروں نے مل کرڈرامہ "بلھا"پیش کیاجس میں فنکاروں کی پرفارمنس اور گائیکی نے فیسٹیول کی رنگینیوں کو چار چاند لگا دیئے۔

الحمراء کے سٹیج پر"وے بلھیا اسی مرنا ناہیں "پر پرفارمنس کے دوران دونوں ملکوں کے فنکار یک جان نظر آئے،شائقین نے عمدہ پر فارمنس پر کھڑے ہو کر سرحد پار سے آئے فنکاروں کو  کھلے دل سے داد دی۔

نامور بھارتی ہدایت کار کیول دھالیوال کا کہنا تھاکہ ہم سب دوست ہیں، ایک ہیں، ویسے بھی فن کی کو ئی سرحد نہیں ہوتی،دوستی فیسٹیول میں دونوں ملکوں کی دوستی کا حسین اور عمدہ پہلو شائقین کو بہت پسند آیاہے،اجوکا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد ندیم بھی "بلھا" کے دوران فنکاروں کے ساتھ اسٹیج پر جھومتے رہے-

"آؤ رقص کریں" میں معروف کلاسیکل رقاصہ شیما کر مانی کی پر فارمنس کو بھی حاضرین نے خوب سراہا،امریکہ سے المٹے کی پروڈکشن سگنلز بھی شائقین کوپسندآئی،پینل ڈسکشن بھی فیسٹیول کا حصہ رہی جس میں سپین کے فنکار پبلو،چین اے یوہاؤہارا، امر یکہ سے مونیکا،لیا باقر،بھارت سے کیول دھلیوال اوراٹلی سے ڈیانا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فیسٹیول کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا،ان فنکاروں کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم پردیس میں نہیں بلکہ اپنے ہی دیس میں ہیں۔

اجوکا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد ندیم نےساتویں روز کے اختتام پر بین الاقوامی فنکاروں کو سندھی اجرک پہنا کرعزت افزائی کی جبکہ رضاکاروں میں تعریفی سرٹیفکیٹس اور فنکاروں کو سووینئر  پیش کئے گئے۔

‎اجوکاتھیٹر کا بین الاقوامی دوستی تھیٹر فیسٹیول الحمرا آرٹس کونسل کے ہال نمبر ایک میں 17 نومبر اتوارکے روز اختتام پذیر ہو گا،یہ فیسٹیول لاہورآرٹس کونسل اورحکومت پنجاب کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے جس میں 12ممالک کے تھیٹر گروپ حصہ لے رہے ہیں۔

آج ہفتہ کے روزشام چھ بجے بین الاقوامی فنکار مہارانی جندا پلے پیش کریں گے،اس کے علاوہ الحمرا ہال 1  فوئر میں روزانہ لوک ثقافتی پرفارمنس اور تھیٹر کی نمائش بھی جاری ہے جس میں پپٹ شو،فوک تھیٹر اور بھنڈ کامیڈی شامل ہیں۔

 

 

 

مزیدخبریں