جوبائیڈن کا پاکستان مخالف بیان،امریکا نے یوٹرن لے لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)جوبائیڈن کا پاکستان مخالف بیان،امریکا نے یوٹرن لے لیا ۔امریکی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایٹمی اثاثوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم پر پراعتماد ہیں۔
ترجمان اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے نجی ٹی وی کے نمائندے سے گفتگو کے دوران پاکستان سے متعلق صدر جوبائیڈن کے مؤفف پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صدر جوبائیڈن سمجھتے ہیں کہ محفوظ اور خوشحال پاکستان امریکی مفادات کے لیے انتہائی اہم ہے۔ پاکستان کے ساتھ طویل عرصے سے جاری تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، امریکا ایٹمی اثاثوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم پر پراعتماد ہے۔
ضرور پڑھیں :چین اور روس کی دشمنی میں امریکی صدرکا پاکستان پر الزام،دفتر خارجہ کا کرارا جواب
یاد رہے کہ چین اور روس کی دشمنی میں امریکی صدر نے پاکستان پر الزام لگایا تھا ،امریکی صدر نے ڈیموکریٹک کانگریشنل کیمپین کمیٹی میں خطاب کیا اور روس، چین کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کو لپیٹ میں لیا۔امریکی صدر نے الزام عائد کیا کہ میراخیال ہے پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے اور پاکستان کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہے، اس بات کا خدشہ ہےکہ اسے کوئی بھی استعمال کرسکتا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستان سے متعلق ریمارکس پر وزارت خارجہ کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔وزارت خارجہ کے سینئر افسر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے یہ سمجھنا مشکل ہے کہ صدر بائیڈن نے غیرضروری ریمارکس کس تناظر میں دیے۔ متعدد امریکی صدور اور امریکی حکومت نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی سکیورٹی اور کنٹرول کو ہمیشہ مؤثر اور معیاری قرار دیا۔