(ویب ڈیسک) کراچی میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران ملیر میں پی ٹی آئی رہنما پر تشدد کیا گیا جس میں رکن سندھ اسمبلی اور پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
پی ٹی آئی رہنما جمال صدیقی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملیر بکرا پیڑی میں پی پی ایم پی اے سلیم بلوچ کے ساتھیوں نے حملہ کیا، تشدد سے ایم پی اے بلال غفار کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ بلال غفار ملیر بکرا پیڑی کے قریب پولنگ اسٹیشن کا معائنہ کرنے گئے تھے کہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے دو درجن سے زائد نے اینٹوں سے حملہ کیا جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صدر تحریک انصاف کراچی بلال غفار پر ملیر میں حملہ ہوا ہے، بلال غفار کو ملیر غازی گوٹھ میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بلال غفار کو قریبی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ضرور پڑھیں : کراچی کے 2 حلقوں میں ضمنی انتخابات؛ ووٹرز ٹرن آؤٹ کم رہنے کا امکان
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، کراچی، ملتان، مردان، چارسدہ، پشاور، فیصل آباد اور ننکانہ سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی الیکشن ہورہے ہیں۔