ضمنی انتخابات: پی ٹی آئی 8 نشستوں کیساتھ سرفہرست، پیپلزپارٹی 2، ن لیگ 1 نشست پر کامیاب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی 6 نشستوں اور صوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی، چیئرمین پی ٹی آئی قومی اسمبلی کے 7 حلقوں میں سے 6 پر کامیاب ہو گئے۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر کامیابی سمیٹی جبکہ مسلم لیگ ن صوبائی اسمبلی کی ایک نشست حاصل کر پائی۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں ضمنی انتخابات کیلئے قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر بغیر کسی وقفے کے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پولنگ کا عمل جاری رہا۔
غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پشاور کے حلقے این اے 31 میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان57824 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل اے این پی کے غلام احمد بلور32253 ووٹ لے سکے۔این اے 31سے عمران خان دوسری بار کامیاب ہوئے ،این اے 31پر مجموعی طور پر تحریک انصاف نے تیسری بار کامیابی حاصل کی۔
غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق چارسدہ کے حلقے این اے 24میں ایک بار پھر بلا گھوم گیا، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 78589 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے، ان کے مدمقابل اے این پی کے ایمل ولی خان 68356 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق مردان کے حلقے این اے 22 میں بلے نے میدان مار لیا، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 76451 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ان کے مدمقابل پی ڈی ایم مولانا قاسم 68042 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پررہے۔
غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق فیصل آباد کے حلقے این اے 108 میں ایک بار پھر تحریک انصاف نے میدان مار لیا، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان 99841 ووٹ لیکر جیت گئے ان کے مدمقابل ن لیگ کے عابد شیر علی75266 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق ننکانہ صاحب کے حلقے این اے 118میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کامیاب قرار پائے،عمران خان نے 90 ہزار 180 ووٹ لئے جبکہ ن لیگ کی شذرہ منصب علی خان 78 ہزار 24ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں ۔
غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق خانیوال کے حلقے پی پی 209 میں بھی تحریک انصاف نے کامیابی کا جھنڈا گاڑھ دیا، پی ٹی آئی کے فیصل نیازی نے ن لیگ کے امیدوار کو شکست سے دوچار کیا، فیصل نیازی نے 71586 ووٹ لے کرکامیاب سمیٹی جبکہ ان کے مقابل ن لیگ کے ضیا الرحمان 57864 ووٹ لے سکے۔
غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق بہاولنگر کے حلقے پی پی 241 میں ایک بار پھر بلا چل گیا، پی ٹی آئی کے محمد مظفرخان 59 ہزار 957 ووٹ لے کر کامیاب رہے ان کے مدمقابل ن لیگ کے امان اللہ ستار کو 48 ہزار 147 ووٹ ملے۔
ملتان کے حلقے این اے 157 میں بڑا اپ سیٹ ، تحریک انصاف جیتی ہوئی سیٹ ہار گئی، پیپلزپارٹی کے علی موسیٰ گیلانی کامیاب ہو گئے،پیپلزپارٹی کے علی موسیٰ گیلانی 79743 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے، پی ٹی آئی کی مہر بانو قریشی نے 59993 ووٹ حاصل کئے ۔
غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق کراچی کے حلقے این اے 237 میں تیر چل گیا، پیپلزپارٹی کے حکیم بلوچ نے عمران خان کو شکست دیدی،غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے حکیم بلوچ32567 ووٹ لے کر جیت گئے، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان 22493 ووٹ لے سکے۔
غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق شیخوپورہ کے حلقے پی پی 139 میں ن لیگ نے تحریک انصاف کو پچھاڑ دیا، ن لیگ کے افتخار احمد بھانگو 40829 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے محمد ابوبکر 37 ہزار 712 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔
غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق کراچی کے حلقے این اے 239 میں بلا چل گیا،پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے 50 ہزار 14 ووٹ لیکر میدان مارلیا ،ایم کیو ایم پاکستان کے نیئر رضا 18 ہزار 166 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔