ایس سی او اجلاس سے معاشی بہتری کی امید: پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخی بلندی کو چھوگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
( بسیم افتخار) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 604 پوائنٹس اضافے کے بعد 86 ہزار 444 کی بُلند سطح پر موجود ہے، جس کی بنیادی وجہ اسلام آباد میں منعقد شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس سے ملکی معیشت میں بہتری کی امیدیں ہیں۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق دوپہر تقریباً ایک بج کر 38 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 604 پوائنٹس یا 0.7 فیصد بڑھ کر 86 ہزار 444 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 85 ہزار 840 پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےاے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے بتایا کہ پاکستان میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس اور چینی وزیر اعظم کے دورے سے اضافی فنانسنگ کے وعدوں پر سرمایہ کار بہتری کے حوالے سے پر امید ہیں۔
پاکستان 2017 میں قازقستان میں ہونے والے ایس سی او کے سربراہی اجلاس میں تنظیم کا مکمل رکن بنا تھا، جس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے شرکت کی تھی، انہوں نے حال ہی میں بھارت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی امید بھی ظاہر کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ اسٹاک مارکیٹ کے لیے بہترین ثابت ہوا تھا، جب انڈیکس 83 ہزار 531 سے ایک ہزار 952 پوائنٹس یا 2.33 فیصد بڑھ کر 85 ہزار 483 پر پہنچا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : پاور سیکٹر کے گردشی قرضوں میں اضافہ، عالمی بینک کا تحفظات کا اظہار