ہم کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان کا سافٹ امیج باہر جائے:وفاقی وزیر اطلاعات
باہر سے آنے والے تمام غیر ملکی صحافیوں کو بھی بھرپور سہولیات فراہم کیں تاکہ وہ اپنے فرائض آسانی سے انجام دے سکیں، عطا تارڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کوشش ہے تمام مہمان پاکستان کے بارے میں مثبت تاثر لے کر جائیں جس کے لیے انہیں اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے تمام ممالک کے مہمانوں کو خوش آمدید کہا گیا،وزیراعظم شہباز شریف نے کل تمام مہمانوں کو عشائیہ دیا، باہر سے آنے والے تمام غیر ملکی صحافیوں کو بھی بھرپور سہولیات فراہم کیں تاکہ وہ اپنے فرائض آسانی سے انجام دے سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش کی گئی کہ تمام مہمانوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کی جائیں، غیر ملکی مندوبین یہاں سے پاکستان کا اچھا تاثر لے کر جائیں گے، ہم کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان کا سافٹ امیج باہر جائے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے ایس سی او سے اپنے خطاب میں خطے کے مسائل سمیت افغانستان، دہشت گردی، امن وامان، معیشت، ثقافت اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بات کی، ہم نے دنیا کو باور کروایا ہے کہ ہم ایسے اجلاسوں کی میزبانی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایس سی او کی صدارت کرنا پاکستان کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں، تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں اجتماعی مسائل زیر بحث آئیں گے، آگے بڑھنے کے طریقوں پر بات کی جائے گی اس کے علاوہ اجلاس کے سائیڈ لائن پر تاجکستان، قازقستان اور ترکمانستان کے سربراہان سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں سرمایہ کاری سے متعلق اہم گفتگو ہوئی۔