علی امین گنڈا پور نے کم لاگت رہائشی اپارٹمنٹس  کا افتتاح کر دیا

Oct 16, 2024 | 22:22:PM

(عامر شہزاد) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے نوشہرہ کے علاقے جلوزئی میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت کم لاگت رہائشی فلیٹس کا افتتاح کردیا، وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب بھی کیا۔ 

150 کنال رقبے پر محیط اس ہاؤسنگ سکیم کا تخمینہ لاگت 3300 ملین روپے ہے،سکیم کے تحت 1320 کم لاگت اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے،ہر اپارٹمنٹ کا کورڈ ایریا 780 مربع فٹ ہے،50 ہزار روپے سے کم ماہانہ آمدنی والے افراد سکیم سے مستفید ہونے کے اہل ہیں،ہر اپارٹمنٹ پر وفاقی حکومت کی طرف سے 3 لاکھ جبکہ صوبائی حکومت کی طرف سے 4 لاکھ روپے سبسڈی دی گئی ہے۔

 افتتاح کی تقریب سے خطاب میں علی امین گنڈاپور کا  کہنا تھا کہ کم آمدن والے لوگوں کو سستے گھروں کی فراہمی بانی چئیرمین پی ٹی آئی کا وژن ہے، بانی چیئرمین کے وژن کے تحت ہمارے دور حکومت میں ملک کے مختلف علاقوں میں کم لاگت رہائشی  سکیموں پر کام شروع کیا گیا تھا،ہمارے ہی دور میں ان  سکیموں پر بہت حد تک تعمیراتی کام ہوچکا تھا   کوئی اور ان کا کریڈٹ لینے کی کوشش نہ کرے ،انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے آتے ہی اس سکیم کی جلد تکمیل پر خصوصی توجہ دی،اس سکیم کو نہایت کم عرصے میں مکمل کرنے پر محکمہ ہاوسنگ اور دیگر کا کردار قابل ستائش ہے۔

وزیر اعلیٰ نے جلوزئی ہاؤسنگ سکیم میں سپورٹس کمپلیکس کے منصوبے کا بھی افتتاح کر دیا،منصوبے کا تخمینہ لاگت 17 کروڑ روپے ہے،یہ سپورٹس کمپلیکس  سکواش کورٹ، فسٹال گراؤنڈ، مصنوعی ٹینس اور باسکٹ بال کورٹس پر مشتمل ہے،500 میٹر طویل جاگنگ ٹریک بھی منصوبے میں شامل ہے،سنٹرل پارک کا کل رقبہ 42 کنال، کھیلوں کی سہولیات کے لیے مختص رقبہ 8 کنال ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اس منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے 4لاکھ روپے فی فلیٹ سبسڈی دی،لوگوں کو رہائش، تعلیم،  صحت اور ٹرانسپورٹ کی معیاری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،بہت جلد نوشہرہ تک بی آر ٹی کے فیڈر روٹ کا افتتاح کیا جائے گا،عنقریب اس ہاؤسنگ سکیم میں بجلی کی فراہمی کے لئے گرڈ کی تعمیر پر کام شروع کیا جائے گا،ہاؤسنگ  سکیم میں نو تعمیر شدہ سپورٹس کمپلیکس سے علاقے میں کھیلوں کے فروغ میں مدد ملے گی،اس ہاؤسنگ سکیم تک رابطہ سڑک کو دو روریہ کر دیا جائے گا۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا ہم نے ہر ریجن میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے سرکاری اہلکاروں کے ورثاء کے لئے مفت پلاٹ دینے کا اعلان کیا ہے جس پر عملدرآمد جاری ہے،صوبائی حکومت کی یہ پالیسی ہے کہ جو شعبے پیچھے رہ گئے ہیں انہیں آگے لایا جائے،صوبے کی آمدن بڑھانے کے لئے استعداد کے حامل شعبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،موجودہ صوبائی حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں آمدن میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے،اپنے لوگوں کو تمام شعبوں میں بہتر سہولیات کی فراہمی کے جذبے کے ساتھ کام کر رہے ہیں،ہماری کوشش ہے کہ کوئی پیچھے   رہے، نہ نیچے  رہے۔

یہ بھی پڑھیں:  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم بڑھا نے کا اعلان

مزیدخبریں