فوری نکھار کیلئے کچن میں موجود چیزوں سے کریں بہترین فیشل تیار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مانیٹرنگ ڈیسک)اچانک کسی تقریب میں جانا پڑ جائے تو خواتین فیشل سے متعلق سوچتی ہیں جس سے چہرہ فوری طور پر چمک اٹھے، ایسی صورتحال میں پریشان ہونے کے بجائے ایک چکر کچن کا لگا لیں۔
تفصیلات کے مطابق کچن میں موجود روزانہ کی بنیاد پر استعمال کی جانے والی کچھ اشیاء میں ایسے اجزا پائے جاتے ہیں جن کی افادیت اور استعمال سے خواتین تا حال ناواقف ہیں،اچانک کہیں جانا پڑ جائے تو ہنگامی حالات میں گھر ہی میں ایمرجنسی ماسک اور فیشل تیار کیا جا سکتا ہے جس کے نتائج دیکھ کر آپ خود حیران رہ جائیں گی اور اس فیشل کو معمول کا حصہ بنا لیں گی۔
جھٹ پٹ فیشل کے لیے سب سے پہلے اپنے چہرے پر کسی آئلی کریم سے مساج کریں، انگلیوں کے پوروں پر ہلکا سا دباؤ ڈالتے ہوئے مساج کریں،15 سے 20 منٹ بعد چہرہ صاف کر لیں اور اب کسی کھلے منہ والے برتن میں کھولتا ہوا پانی لے لیں، ایک تولیے کی مدد سے خود کو ڈھانپتے ہوئے بھاپ لیں،بھاپ والے برتن اور چہرے کے درمیان فاصلہ کم از کم ایک فٹ رکھیں۔چہرے پر خوب اچھی طرح پسینہ آنے کے بعد ٹشو سے چہرہ خوب اچھی طرح صاف کر لیں اور اب چہرے پر عرق گلاب کا اسپرے کر لیں۔
چہرے پر ’انسٹینٹ گلو‘ یعنی چمک کے لیے حسب ضرورت بیسن میں دودھ، لیموں کا رس، شہد اور سب سے ضروری جُز ٹماٹر کا خوب پسا ہوا گودا شامل کر لیں،اب اس ماسک کو یکجان ملا کر چہرے، گردن اور بازوؤں پر لگا لیں، جب آدھا سوکھ جائے تو اب کھیرے کے باریک قتلون کو دودھ میں بگھو کر آنکھوں پر رکھ لیں،15 منٹ بعد انگلیوں کے پوروں کی مدد سے گولائی میں چہرے پر مساج کرتے ہوئے ماسک دھو لیں۔
اب اس کے بعد بالائی سے 5 منٹ تک آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں پر مساج کریں اور ٹشو سے صاف کر لیں، اب کسی اچھے سے فیس واش سے چہرہ دھو لیں اور عرق گلاب کا اسپرے کر لیں۔
اس عمل سے آنکھوں کے نیچے سیاہ دھبے دور ہو جائیں گے اور چہرہ مزید شفاف اور نکھرا نظر آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ،پٹرول 5روپے فی لیٹر مہنگا