افغانستان کو انسانی اور معاشی امداد کی اشد ضرورت ، عالمی برادری مدد کرے ،صدر عارف علوی 

Sep 16, 2021 | 19:45:PM

(24 نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ افغانستان کو انسانی اور معاشی امداد کی اشد ضرورت ہے، عالمی برادری مدد کرے ،طویل جنگ نے افغان عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ، عالمی برادری تنہا نہ چھوڑے ۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین فلپو گرانڈی نے ملاقات کی، صدر مملکت نے فلپو گرانڈی کو افغانستان کو پاکستان کی جانب سے دی گئی حالیہ انسانی امداد اور طبی سامان کے بارے میں آگاہ کیا ،صدر مملکت نے افغانستان سے بین الاقوامی تنظیموں ، سفارتی مشنز کے ارکان کے انخلا میں پاکستان کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی اور افغانستان میں امداد بھیجنے پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اس موقع پر صدر عارف علوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان کو انسانی اور معاشی امداد کی اشد ضرورت ہے ، عالمی برادری مدد کرے ، ان کاکہناتھا کہ طویل جنگ نے افغان عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ، عالمی برادری تنہا نہ چھوڑے ،عالمی برادری افغانستان کے عوام کو معاشی اور انسانی امداد جاری رکھے ۔
صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان نے افغانستان میں امن کے فروغ اور تعمیر نو میں اہم کردار ادا کیا ہے، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے گزشتہ چار دہائیوں سے 35 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کی، صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان نے افغان مہاجرین کو صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کی ، دنیا افغانستان میں امن کے فروغ ، 40 سالوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرے ۔

مزیدخبریں