(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے دارالحکومت دہلی سمیت ریاست اترپردیش میں مسلسل ہونیوالی بھاری بارشوں سے حالات تشویشناک بنے ہوئے ہیں ۔ بارشوں نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے۔ اترپردیش کے کئی اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوچکی ہے ۔ اگلے کچھ گھنٹوں تک ایسے حالات رہنے کا اندیشہ ہے ۔ دہلی میں بھی جمعرات دو پہر تک 159 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے ، جو 1964 کے بعد سے سب سے زیادہ اور اب تک کی تیسری سب سے زیادہ بارش ہے ۔بارش کے دوران مختلف واقعات میں اب تک7 بھارتی شہری ہلاک۔
بھارت ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش میں بارش کے دوران مختلف واقعات میں اب تک7 لوگ مارے جاچکے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی رائے بریلی میں 24 گھنٹے میں 186 ملی میٹر بارش ہونے کے بعد سکولوں میں دو دن کی چھٹی کردی گئی ہے ۔ نیز ریاست کے کئی حصوں میں بھاری بارش کی وجہ سے بجلی سپلائی بھی متاثر رہی ۔ کئی علاقوں میں ریلوے ٹریک ڈوب گئے ہیں اور سڑکوں پر پانی بھر جانے کے بعد انڈرپاس کو بھی بند کردیا گیا ہے ۔ریاست اترپردیش کے جون پور کے سجان پورہ میں بھاری بارش کی وجہ سے دیوار منہدم ہوجانے سے 3 بھارتی شہری ہلاک ہو گئے ۔ بارہ بنکی کے رام سنیہی گھاٹ علاقہ میں بھی ایسے ہی ایک واقعہ میں 2 بھارتی شہریوں کی موت ہوگئی ۔ اس کے علاوہ کوشانبی ، ایودھیا اور سیتا پور میں بھی بارش کی وجہ سے مختلف واقعات میں لوگوں کے مرنے کی خبریں ملی ہیں ۔
بھارت کے محکمہ موسمیات نے اگلے 48 گھنٹوں کیلئے لکھنو ، غازی آباد ، بارہ بنکی ، سلطان پور ، متھرا ، سیتا پور، ایودھیا ، مراد آباد ، شاملی ، وارانسی ، سنبھل ، بلند شہر ، بجنور ، امروہہ ، گورکھپور ، مظفر نگر ، سہارنپور ور پریاگ راج سمیت اترپردیش کے 30 اضلاع میں تیز بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ نصرت جہاں کے بیٹے کا کون باپ ۔۔پتا چل گیا