عمران خان سے صاحبزادہ حامد رضا کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے خصوصی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:شنگھائی تعاون تنظیم کا تاشقند میں اجلاس: وزیراعظم شہباز شریف شریک
صاحبزادہ حامد رضا نے حکمران جماعت کی جانب سے ریاستی وسائل کے ذریعے چئیرمین تحریک انصاف کے خلاف مذہبی منافرت کو ہوا دینے کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
اس موقع پر صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ مجرموں اور کرپٹ کرداروں پر مشتمل حکمران اتحاد ملک میں مذہبی انتشار چاہتا ہے، اسلاموفوبیا کے تدارک اور ناموس رسالتؐ کی پاسبانی کے حوالے سے چئیرمین تحریک انصاف کی خدمات بے مثال اور قابل تحسین ہیں۔
صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ سیاست میں مسلسل شکست سے دوچار گروہ اپنی سیاست بچانے کے لئے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے، حکمران اتحاد کو متنبہ کرتے ہیں کہ اس قسم کی کوششوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
چیئرمین سنی اتحا کونسل نے کہا کہ ان کی نالائقی اور نااہلیوں کی وجہ سے ملک پہلے ہی انتشار اور معاشی بدحالی کی دلدل میں ہے، عمران خان کے اتحادی ہیں اور ان کی حقیقی آزادی کی تحریک میں ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔
عمران خان نے صاحبزادہ حامد رضا اور سنی اتحاد کونسل کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔