روس سے گیس فراہمی منصوبے پر کام کرنے کیلیے پاک ترکیہ اتفاق

Sep 16, 2022 | 15:05:PM

(ویب ڈیسک) روس سے پائپ لائن کے ذریعے پاکستان کو گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے پر ترکیہ اور پاکستان کا اتفاق ہوگیا۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم شہباز شریف کی اہم ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم (ایس-سی-او) کے رکن ممالک کے ریاستی سربراہان کی کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تجارت کے فروغ کے علاوہ روس سے پائپ لائن کے ذریعے پاکستان کو گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

دونوں قائدین میں دو طرفہ تجارت کے فروغ، گیس کی فراہمی سمیت لارج سکیل منصوبوں کے امکانات اور ان پر عملدرآمد پر بھی اتفاق رائے ہوا۔ ملاقات میں ترکیہ کے صدر اور وزیراعظم شہباز شریف نے باہمی گرمجوشی پر مبنی خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔

 اس موقع پر ترکیہ کے صدر نے کہا کہ مجھے آپ سے مل کر بڑی خوشی ہو رہی ہے، آپ کے بڑے بھائی (نوازشریف) کے ساتھ امور کار انجام دینے کی بہت اچھی یادیں وابستہ ہیں جن سے قزاخستان اور باشکیریا، روس میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقع پر میری ملاقات ہوئی تھی۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے کورونا وبا کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا فروغ متاثر ہوا ہے تاہم خزاں کے مہینے میں بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس کراچی میں ہونے جا رہا ہے۔

 صدراردوان نے کہا کہ ہم جنوب مشرقی ایشیاء اور مجموعی طور پر ایشیاء میں پاکستان کو اپنا ترجیحی شراکت دار تصور کرتے ہیں۔ نہایت مثبت انداز میں ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات فروغ پا رہے ہیں جس پر ہمیں بے حد خوشی ہے۔

ترکیہ کے صدر نے کہا کہ ایسے امور ہیں جن پر ہمیں کام کرنے کی ضرورت ہے، ریلوے ٹرانسپورٹیشن اور توانائی بڑے اور دلچسپ ترقیاتی منصوبے ہیں جن میں 'پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن منصوبہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'ایل-این-جی' کی ترسیل کے لئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں یہ منصوبہ اہم ہے۔

اردوان نے کہا کہ منصوبے کا بنیادی مقصد روس سے پائپ لائن کے ذریعے پاکستان کو گیس کی فراہمی ہے، اس ضمن میں اہم بات یہ ہے کہ روس، قزاخستان اور ازبکستان میں کسی حد تک اس پائپ لائن کے لئے بنیادی ڈھانچہ پہلے سے موجود ہے۔

صدر ایردوآن نے کہا کہ ہم بہت سارے دیگر دلچسپ منصوبوں پر عملدرآمد کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے حصول کے لئے ہم مثبت جذبے اور عزم کے ساتھ حتی المقدور کام کرتے رہیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے ترکیہ کی فراخ دلانہ مدد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے صدر ایردوان کے لئے خیرسگالی کے پرجوش جذبات کا اظہار کرتے ہوئے گیس کی فراہمی، توانائی، ریلوے اور تجارت سمیت بڑے منصوبوں کے حوالے سے صدر ایردوان کی سوچ کا خیرمقدم کیا اور مل کر آگے بڑھنے کی یقین دہانی کرائی۔

مزیدخبریں