(24نیوز) پنجاب ، خیبر پختونخوا ، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد ، جنوب مشرقی سندھ، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
شہر لاہور کا موسم مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق 15 سے20 ستمبر تک لاہور میں درمیانے درجے کی بارشیں برسیں گی، بارشوں کے اسپیل کے بعد شہر میں گرمی کا زور کم ہونا شروع ہو جائے گا۔ بارشوں کے پیش نظر واسا حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان کے آلودہ شہروں کی فہرست میں لاہور دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ شہر میں آلودگی کی مجموعی شرح 153ریکارڈ کی گئی ہے۔ یو ایس قونصلیٹ 236، سید مراتب علی روڈ پر آلودگی کی شرح173ریکارڈ، مال روڈ 173 اور فیز ایٹ ڈی ایچ اے میں آلودگی کی شرح 153ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب جڑواں شہروں راولپنڈی و اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث واسا نے ہائی الرٹ جاری کر دیا، راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
مزید پڑھیں: زلزلے کے جھٹکے،لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے
ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر واسا نے بتایا کہ ہیوی مشینری اور سٹاف نشیبی علاقوں میں تعینات ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں اب تک 20 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
اُن کا مزید کہنا ہے کہ نالہ لئی کی نگرانی کی جا رہی ہے تاہم ابھی صورت حال معمول کے مطابق ہے، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پر پانی کے بہاؤ کا لیول 4 فٹ ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ماسک لگانے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔