(24 نیوز ) چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف نےکہا ہےکہ کھلاڑیوں کے کنٹریکٹس کے معاوضوں اور میچ فیس میں بے حد اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ کرکٹرز کسی اور طرف نہ دیکھیں۔
کولمبو میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹس کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے،کھلاڑیوں کو لیگز کھیلنےکی تعداد کا بھی بتایا گیا ہے، سینٹرل کنٹریکٹس کھلاڑیوں کی بہتری کو مد نظر رکھ کر ترتیب دیے ہیں۔
ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ کرکٹرز کے پاس سینٹرل کنٹریکٹس موجود ہیں، دیکھتے ہیں کب دستخط کرتے ہیں، کھلاڑیوں کے کنٹریکٹس کے معاوضوں اور میچ فیس میں بے حد اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ کرکٹرز کسی اور طرف نہ دیکھیں،کرکٹرز کے ایجنٹس کرکٹرز کو مختلف شقوں پر بات کرنےکا کہتے ہیں، مختلف ایشوز پر بات چیت ہونےکی وجہ سے سینٹرل کنٹریکٹس میں تاخیر ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اے کیٹیگری کےکھلاڑیوں کو صرف دو لیگز کھیلنے کی اجازت ہوگی، ورک لوڈ منیجمنٹ کی وجہ سے پی ایس ایل کے علاوہ دوسری ایک لیگ کی اجازت ہوگی، میگا ایونٹس اور اہم سیریز سے دو ماہ قبل تک کھلاڑی کوئی لیگ نہیں کھیل سکیں گے۔