(24 نیوز)چوری سے قانون سازی نہیں ڈاکہ زنی ہوتی ہے، اگر وزیر کے پاس ترامیم کا ڈرافٹ نہیں تو بتائیں کہ یہ نسخہ کیمیا کہاں سے آیا؟،پی ٹی آئی کے رہنماء اسد قیصر کی مجوزہ آئینی ترمیم پر کڑی تنقید،قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ کسی صورت دھونس دھمکی میں نہیں آئیں گے،عدلیہ پر وار ہو رہی ہیں،پارلیمنٹ اپنی وقعت کھو چکی ہے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اگر اس طرح رات کی تاریکی میں ذلت، زور اور ظلم سے قانون سازی ہوتی ہے تو ہمارے لیے اس طرح پارلیمنٹ میں بیٹھنے سے موت بہتر ہے، ہم اس کے خلاف مزاحمت کریں گے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے انتہائی افسوس ہے جس طرح آج اس پارلیمان کی بے توقیری کی گئی اور اس پارلیمنٹ کو ربڑ اسٹمپ کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی گئی، جس طرح پارلیمنٹ کو مذاق بنایا گیا میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام ایم این ایز کی بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں، خاص طور پر مولانا فضل الرحمٰن کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمت سے ان حالات کا مظاہرہ کرتا ہوں اور محمود اچکزئی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں،میں پوچھنا چاہتا ہوں وزیر قانون کہہ رہے تھے کہ میرے پاس کوئی مسودہ نہیں ہے، اگر وزیر قانون کو پتہ نہیں، حکومت کے نمائندوں کو پتہ نہیں تو یہ ڈرافٹ کہاں سے آیا؟
اسد قیصر نے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ افسوس پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو زرداری پر ہے، جن کو سارا علم تھا، اس میں 56 ترامیم پیش کی گئی تھیں، یہ بتائیں کہ آرٹیکل 8 اور 99 اس میں ترامیم کا کہا گیا تھا، یہ تو بنیادی شہری حقوق کو بھی سلب کرنا چاہتے ہیں۔ ہم کوئی اس ملک کے دشمن ہیں، ہم چاہتے ہیں جو جوڈیشل ریفامرز آئیں اور لوگوں کو سہولت ملے، ہم نے پہلے بھی اس پر بات کی ہے، اگر ترامیم لانی ہے تو بالکل لائیں مگر اس پر بحث کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکی میں چھٹی والے دن چوری کی طرح یہ ترامیم پاس کرنی ہوتی ہے، کیا اس اسمبلی کے کوئی رولز ہیں یا نہیں، آپ نے اگر اس قسم کی قانون سازی کرنی ہے تو سب سے پہلے اس کو پبلک کریں، اس پر تمام بار ایسوی ایشن کو اعتماد میں لیں، اسمبلی میں بحث کرائیں، اگر اس طرح کی جانے والی قانون سازی کو چوری کہا جاتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں جتنا جھوٹ بولا گیا وہ تاریخ کا بدترین جھوٹ بولا تھا، اس پارلیمنٹ کے پاس اخلاقی جواز نہیں کیوں کہ یہ فارم 47 کی پیداوار ہے لیکن پھر بھی کرنا ہے تو ہمارے 6 سے 7 لوگوں کو اغوا کیا گیا اور انہیں پنجاب ہاؤس میں رکھا گیا ہے، کیا قانون سازی اس طرح ہوتی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں سے سوچ رہا تھا اگر اس طرح ذلت اور زور وظلم سے قانون سازی ہوتی ہے تو ہمارے لیے اس طرح پارلیمنٹ میں بیٹھنے سے موت بہتر ہے، اگر اس قسم کی قانون سازی لائی جاتی ہے تو ہم مزاحمت کریں گے اور کوئی سمجھتا ہے کہ ہم دھونس اور دھمکیوں سے ڈر جائیں گے تو وہ سوچ لے ہم لڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر نے جو اسمبلی بنائی ہے ہم اس کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، ہم 5 بنیادی چیزیں چاہتے ہیں، آئین کی بالادستی، آزاد عدلیہ، پارلیمنٹ کی مضبوطی، قانون کی حکمرانی، ان سب پر بات کرنی ہے تو ہم سب سے پہلے کھڑے ہوں گے لیکن رات کی تاریکی میں کوئی قانون سازی کرنی ہے تو وہ ہم نہیں مانیں گے۔
اسد قیصر نے وزیر قانون کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے لیے بہت عزت ہے لیکن آپ بتائیں جو کچھ آپ کررہے تھے کیا آپ کا ضمیر اس کی اجازت دے رہا تھا، کیا یہ آپ کے جدوجہد کی نفی نہیں ہے۔
انصاف ہو یا نا ہو ہمارا کام ہے جدوجہد کرنا:زرتاج گل
اس سے قبل پی ٹی آئی کی رہنماء زرتاج گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری پارٹی سب سے مضبوط ہو چکی ہے،جتنی آزامائشیں اور تکالیف ہماری پارٹی نے دیکھی ہے کسی اور نے نہیں دیکھی،انصاف ہو یا نا ہو ہمارا کام ہے جدوجہد کرنا،جو بنیادی انسانی حقوق کی بات کرتا ہے اس پر ایف آئی آر کر کے اغوا کر لیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ذاتی ایجنڈا پر بات کرتے ہیں ان کا حال قوم نے دیکھ لیا،حکومت آئینی ترمیم پر تمام تر کوشش کے باوجود کامیاب نہیں ہو سکی۔