(ملک اشرف)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے مینار پاکستان پر جلسہ کرنےکیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سابق ممبر قومی اسمبلی عالیہ حمزہ اور شیخ امتیاز محمود نے 21 اگست کو لاہور میں مینار پاکستان گراونڈ میں جلسہ کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی،درخواست میں حکومت پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت ہے ،پی ٹی آئی نے لاہور میں جلسے کیلئے متعدد درخواستیں دیں،سیاسی بنیادوں پر پی ٹی آئی کو لاہور میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کو 21 ستمبر کو مینار پاکستان پر جلسے کیلئے درخواست دی ہے،ڈپٹی کمشنر لاہور پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہیں دے رہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ جلسہ کرنا ہر سیاسی جماعت کا بنیادی آئینی حق ہے،عدالت پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت دینے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے 8ستمبر کے جلسے میں پی ٹی آئی قیادت کی جانب سےقوانین اور این او سی کی خلاف ورزی کی گئی تھی جس پر متعدد رہنماوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا، اس جلسے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا تھا کہ21ستمبر کو اجازت ہو یا نہ ہو لاہور میں جلسہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی21ستمبرکولاہورمیں جلسہ کی اجازت کی متفرق درخواست خارج